آئرلینڈ کے خلاف ٹی۔20 سیریز سے مسابقتی کرکٹ میں واپسی کے لیے تیار ہیںراشد خان

تاثیر،۱۲مارچ ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 11 مارچ: افغانستان کے کپتان راشد خان آئرلینڈ کے خلاف تین میچوں کی ٹی۔20 سیریز میں مسابقتی کرکٹ میں واپسی کرنے کے لیے تیار ہیں۔ لیگ اسپننگ آل راونڈر کمر کی سرجری کے بعد گزشتہ سال نومبر میں 50 اوور کے ورلڈ کپ کے بعد سے کرکٹ سے دور ہیں۔
آئرلینڈ نے واحد ٹیسٹ میچ جیتا جبکہ افغانستان کو تین میچوں کی ون ڈے سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے۔ افغانستان نے پہلا میچ 35 رنوں سے جیتا تھا جبکہ دوسرا میچ بارش کی نذر ہو گیا۔ 12 مارچ کو سیریز کے آخری ون ڈے کے بعد افغانستان کا مقابلہ آئرلینڈ سے تین ٹی ۔20 میچوں میں ہوگا، یہ میچز 15، 17 اور 18 مارچ کو شارجہ میں ہوں گے۔
راشد نے ہفتہ (9 مارچ) کو افغانستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے پوسٹ کیے گئے ایک ویڈیو انٹرویو میں کہا تھا کہ ’’آئندہ سیریز (افغانستان کے خلاف ٹی۔20) میں ملک کی نمائندگی کرنے کا منصوبہ ہے اور ٹریننگ چل رہی ہے اور آج دوسرا دن تھا۔اور شکر ہے کہ یہ اچھا رہا اور مجھے امید ہے کہ اگلے کچھ دن بھی اچھے ہوں گے تاکہ میں دوبارہ قومی جرسی پہن سکوں اور اپنے ملک کے لیے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتا رہوں۔‘‘
راشد نے اعتراف کیا کہ گزشتہ تین ماہ ان کے لیے سخت تھے کیونکہ وہ بحالی کے عمل سے گزر رہے تھے۔
راشد کا کہنا تھا کہ ’’پچھلے تین ماہ مشکل تھے کیونکہ میری سرجری ہوئی تھی، میں پچھلے سات سے آٹھ ماہ سے پیٹھ کی انجری کے شکار تھے اور ڈاکٹر نے ورلڈ کپ سے قبل ہی مجھے سرجری کرانے کو کہا تھا لیکن میں نے ورلڈ کپ کھیلنے کا فیصلہ کیا، کیونکہیہ ہمارے لیے بہت اہم ٹورنامنٹ تھا۔حالانکہ اب میں میدان میں واپس آ گیا ہوں اور اب اچھا محسوس کر رہا ہوں اور اب میری توجہ میدان میں واپسی اور ملک کے لیے خوشیاں اور کامیابیاں لانے پر ہے۔ حالانکہ واقعی یہ بہت مشکل تھا کیونکہ سرجری سے گزرنا اور پھر بحالی کے عمل سے گزرنا آسان نہیں ہے کیونکہ آپ کو ہر چیز پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے اور آپ کو اپنی بحالی اور تربیت کا خیال رکھنا ہوگا کیونکہ یہ بہت سست عمل ہے کیونکہ آپ پہلے پیدل چلنا شروع کریں گے اور پھر جم میں ورک آوٹ ، اس لیے وہ دن بہت مشکل تھے۔‘‘
راشد نے کہا، ’’ہمیشہ توجہ اچھی کرکٹ کھیلنے اور اچھی کارکردگی دکھانے پر ہوتی ہے اور ہم نے آئرلینڈ کے خلاف بہت کچھ کھیلا ہے اور ہم پر امید ہیں کہ ہم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے کیونکہ یہ آنے والے ٹی ۔20ورلڈ کپ کے لیے بہت اچھی تیاری ہے اور اس لیے ہماری اس کا زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے پر توجہ مرکوز ہے۔ ہم ٹی۔20 سیریز کے لیے اچھی تیاری کر رہے ہیں۔‘‘