آئی پی ایل سے ایک دن پہلے بڑا فیصلہ چنئی سپرکنگز نے بدلا کپتان، دھونی کی جگہ رتوراج کو بنایا نیاکپتان

تاثیر،۲۱مارچ ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی ، 21مارچ :آئی پی ایل سے ایک دن پہلے چنئی سپر کنگز نے بڑا فیصلہ لیا۔ چنئی سپرکنگز نے ٹیم کا کپتان تبدیل کر دیا ہے۔ مہندر سنگھ دھونی کی جگہ اوپنر روتوراج گائیکواڈ آئی پی ایل کے 17ویں سیزن میں سی ایس کے کی کپتانی کریں گے۔ آئی پی ایل کے آفیشل سوشل میڈیا ہینڈل سے اس کی تصدیق کی گئی ہے۔ ایم ایس دھونی کی کپتانی میں سی ایس کے نے ریکارڈ 5 بار آئی پی ایل ٹائٹل جیتا ہے۔ دھونی نے 2022 سے پہلے ہی CSK کی کپتانی چھوڑ دی تھی۔ جب فرنچائز نے رویندر جڈیجہ کو کپتان بنایا، لیکن جڈیجہ کی قیادت میں سی ایس کے نے لگاتار کئی میچ ہارے، جس کے بعد دھونی کو ٹورنمنٹ کے وسط میں دوبارہ کپتان بنایا گیا۔آئی پی ایل 2024 جمعہ (22 مارچ) سے شروع ہو رہا ہے۔ افتتاحی میچ سے ایک دن پہلے، سی ایس کے نے چنئی میں منعقد پری آئی پی ایل کیپٹنز کانکلیو میں روتوراج گائیکواڑ کو کپتان کے طور پر پیش کیا۔ یہ تبدیلی چنئی سپر کنگز میں اچانک ہوئی ہے۔ کسی کو اس کی توقع نہیں تھی۔ تاہم ایم ایس دھونی ہمیشہ حیران کن فیصلے لیتے رہے ہیں۔ ایک بار پھر دھونی نے اچانک کپتانی چھوڑ کر سب کو حیران کر دیا۔ایم ایس دھونی نے اس سے قبل 4 مارچ کو سوشل میڈیا پر ایک خفیہ پوسٹ کی تھی۔ انہوں نے لکھا تھا کہ اب وہ نئے سیزن اور نئے کردار کا انتظار نہیں کر سکتے۔ ان کی پوسٹ کے دو ہفتے بعد یہ معلوم ہو گیا کہ دھونی کیا ظاہر کرنا چاہتے ہیں۔ فرنچائز نے بھی باضابطہ طور پر اس کی تصدیق کی ہے۔CSK آئی پی ایل کے 17 ویں سیزن میں اپنا پہلا میچ 22 مارچ کو رائل چیلنجرز بنگلور کے خلاف کھیلے گی۔ موجودہ چمپئنز CSK اور RCB کے درمیان میچ 8:00 بجے سے چنئی میں کھیلا جائے گا۔ یہ دھونی کا آئی پی ایل کا آخری سیزن ہو سکتا ہے۔