آر پی ایف ایسٹرن ریلوے نے 50 لاکھ روپے کی نقد رقم برآمد کی

تاثیر،۱۷مارچ ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

آسنسول 17/ مارچ (محمد نعیم) گزشتہ روز ریلوے پروٹیکشن فورس آسنسول کے ذریعہ کئے گئے چھاپے میں ٹرین نمبر 13186 ڈاؤن گنگا ساگر ایکسپریس کے ٹرین میں اسکارٹ کے افسران نے ایک شخص کو گرفتار کیا اور ایک ٹرالی بیگ برآمد کیا، جس میں 50 لاکھ روپے نقد تھے۔ اسکارٹ پارٹی نے اس شخص کو پکڑ لیا اور مزید تفتیش کے لیے اسے آر پی ایف/ ویسٹ/ پوسٹ، آسنسول کے اے ایس آئی کے حوالے کر دیا۔ تفصیلی پوچھ گچھ پر اس شخص نے اعتراف کیا کہ وہ جھا جھا ریلوے اسٹیشن سے بیگ کو ہاوڑہ ریلوے اسٹیشن لے جانے کے لیے ٹرین میں سوار ہوا تھا۔ گرفتار شخص اپنے قبضے میں اتنی بڑی رقم کے ذرائع کے بارے میں کوئی قانونی اختیار یا تسلی بخش وضاحت فراہم کرنے میں ناکام رہا۔ اس نے دعویٰ کیا کہ یہ بیگ اسے کسی نامعلوم شخص نے دیا تھا اور اسے ہاوڑہ اسٹیشن پہنچانے کے لیے کہا گیا تھا۔اس کے بعد، ریلوے پروٹیکشن فورس نے ضبط شدہ نقدی کے ساتھ اس شخص کو آسنسول میں قانونی دفعات کے مطابق ضروری کارروائی کرنے کے لیے ڈپٹی ڈائریکٹر انکم ٹیکس، آسنسول کے حوالے کر دیا۔