اقوامِ متحدہ کے امدادی ادارے انروا کیلئے امریکی فنڈنگ مستقل طور پر معطل ہونے کا خدشہ

تاثیر،۱۵مارچ ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

واشنگٹن ،14مارچ:بائیڈن انتظامیہ اقوامِ متحدہ کے امدادی ادارے انروا کی فنڈنگ کی معطلی کو مستقل کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، امریکی کانگریس میں انروا کی فنڈنگ روکنے کے لیے بل موجود ہے جس کی کچھ ڈیموکریٹک سینیٹرز نے مخالفت بھی کی ہے لیکن دو جماعتی مخالفت کی وجہ سے اس بات کا امکان کم ہے کہ امریکا جلد انروا کی فنڈنگ بحال کرے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکہ انروا کو سالانہ 400 ملین ڈالر عطیہ کرتا ہے جسے حماس حملے میں انروا عملے کے ملوث ہونے کے اسرائیلی الزام پر روکا گیا۔رپورٹ کے مطابق، کینیڈا اور سویڈن سمیت کئی ممالک نے انروا کی فنڈنگ دوبارہ شروع کردی ہے۔واضح رہے کہ امریکہ نے ایک درجن سے زائد ملکوں کے ساتھ مشرق قریب میں فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی (یو این ڈبلیو آر اے ) کے لیے رواں سال کے آغاز میں اپنی فنڈنگ اس وقت معطل کر دی تھی جب اسرائیل نے غزہ میں ایجنسی کے تقریباّ 13,000 ملازمین میں سے 12 پر حماس حملے میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا تھا۔اقوام متحدہ نے ان الزامات کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور اسرائیل کی طرف سے الزامات کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کے بعد انروا نیاپنے عملے کے کچھ ارکان کو برطرف بھی کر دیا ہے۔