این ایس ایس کے رضا کاروں نے گاوں میں ووٹر بیداری ریلی نکالی

تاثیر،۱۴مارچ ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

لکھنئو ۱۳،مارچ ۲۰۲۴ ،خواجہ معین الدین چشتی لینگویج یونیورسٹی کے نیشنل سروس اسکیم کے رضا کاروں (این ایس ایس )نے وائس چانسلر پروفیسر این بی سنگھ کی نگرانی میں گود لئے گاوں رہوڑا پوروا میں رائے دہندگان کے اندر بیداری پیدا کرنےکے لئے ایک ریلی نکالی تاکہ نوجوانوں اور گاوں کے لوگوں کو انتخابی عمل میں فعال حصہ لینے کے لئے سرگرم اور متحرک کیا جاسکے۔اس ریلی میں شامل این ایس ایس کے رضا کاروں نے اپنے ہاتھوں میں بینر اٹھا رکھے تھے جس میں جمہوری اقدار کی پاسداری اور اس کے استحکام کے لئے ووٹ کی اہمیت اور ووٹ ڈالنے کی ضرورت پر پیغامات درج تھے اور ووٹروں کو اپنی طرف متوجہ کرنے کے لئے ووٹ کی اہمیت کو اجاگر کرنے والے نعرے بھی لگائےاور راستوں میں کھڑے لوگوں اور دوکانداروں کو پمفلٹ بھی تقسیم کئے۔ اس ریلی سے قبل این ایس ایس اکائی پانچ کے پروگرام آفیسر اور سویپ کورڈینیٹر ڈاکٹر ظفرالنقی نے رضا کاروں کو حلف دلایا اور انھیں سماجی خدمات کے بارے میں آگاہ کیا ۔اس موقع پر این ایس ایس کے رضا کاروں نے گاوں کے لوگوں سے مل کر “کوئی ووٹر پیچھے نہیں رہے گا ـ”کے پیغام کو پہنچانے اور جامع اور قابل رسائی انتخابات اور ووٹر لسٹ میں اندراج اور جمہوری عمل میں حصہ لینے کی اہمیت اور افادیت کو بتایا اور یہ بھی کہا کہ آپ لوگوں کو اپنے حق رائے دہی کوضرور استعمال کرنا چاہیے اور خاص طور سے اٹھارہ سال کےزائد عمر کے نوجوانوں کویہ پیغام دیا گیا کہ وہ حق رائے دہی کا استعمال ضرور کریں۔اس ریلی میںمقامی لوگوں سے مل کراین ایس ایس کے رضا کاروں نے بات چیت بھی کی تاکہ انھیں انتخابی عمل کا حصہ بننے کی ترغیب دی جاسکے۔
اس ووٹر بیداری ریلی کے موقع پر الیکٹورل لٹریسی کلب(ای ایل سی) کی نوڈل آفیسراور این ایس ایس کورڈینیٹر ڈاکٹر نلنی مشرا نے این ایس ایس رضا کاروں اور گاوں کے لوگوں سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ ہم گاوں کے تمام ووٹروں سے، تمام نوجوانوں سے انتخابی عمل میں حصہ لینے، رجسٹریشن اور ووٹ ڈالنے کی درخواست کرنا چاہتے ہیںکیونکہ آپ کی ووٹنگ سے ہی جمہوری روایات بالکل مضبوط اور مستحکم ہوتی ہیں۔انھوں نے مزید کہا کہ ہماری جمہوریت کو مضبوط کرنے کے لیے ہر کسی کو بطور ووٹر رجسٹر ہونا چاہیے اور ووٹر بیداری کے پیغامات کو بھی پھیلانا چاہیے۔ ہر ووٹر کا یہ حق بنتا ہے کہ وہ اپنے ووٹ کا استعمال کرے ۔خاص طور سےانھوں نے گود لئے گاوں کے اٹھارہ سال کےزائد عمر کے نوجوانوں کو یہ پیغام دیتے ہوئے کہا کہ وہ حق رائے دہی کا استعمال ضرور کریں اور اس کے لئے اپنا شناختی کارڈ ضرور بنوائیں۔اس ریلی کے اختتام پراس کےمقاصد پر این ایس ایس پروگرام آفیسر اور سویپ کوارڈینیٹر ڈاکٹر ظفرالنقی نے روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس ریلی کا مقصد لوگوں میں انتخابات کے تیئں رحجان پیدا کرنا ہے اور لوگوں میں ووٹ کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔ اس کے علاوہ دوران الیکشن عوام سے حق رائے دہی کا استعمال کرنے کے لیے بیداری پیدا کرنا بھی اس ریلی کا مقصد ہے۔ اس ریلی کے اختتام پر عبدالقادر نے سبھی لوگوں کا شکریہ ادا کیا ۔