این ڈی اے امیدوار سنتوش کشواہا نے پرچہ نامزدگی داخل کیا

تاثیر،۲۸مارچ ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

پورنیہ 28 مارچ:بہار کے پورنیہ لوک سبھا سیٹ سے نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کے امیدوار کے طور پرجے ڈی یو لیڈر سابق ایم پی سنتوش کشواہا نے جمعرات کے روز اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ انہوں نے دوپہر 12 بجے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ نامزدگی کے وقت حکومت بہار کے وزیر لیسی سنگھ ، سابق نائب وزیر اعلیٰ تارکشور پرساد اور جے ڈی یو کے سینئرلیڈر اور وزیر تعلیم وجے چودھری موجود تھے۔
بہار میں لوک سبھا کی پانچ سیٹوں کے لیے نامزدگی کا نوٹیفکیشن الیکشن کمیشن نے 28 مارچ سے 4 اپریل تک جاری کیا ہے۔ آج پہلے دن سنتوش کشواہا اپنے گاوں ڈگروا کے کوچیلی گئے اور اپنی ماں سے اشیرواد لیا اور پورنیہ شہر کے رام پور دھام درگا مندر اور پورن دیوی مندر میں بھی اشیرواد لینے گئے اور پھر نامزدگی کے لیے روانہ ہوگئے۔اس دوران سنتوش کشواہا کے اہل خانہ کے علاوہ ان کے دوست اور جے ڈی یو کے سینکڑوں کارکنان مسلسل ان کے ساتھ تھے۔ ان کے گاو ں کوچیلی میں بھی لوگ ان کا انتظار کر رہے تھے۔ سنتوش کشواہا لگاتار دو بار رکن پارلیمنٹ رہے ہیں اور تیسری بار انہوں نے دوبارہ ایم پی سیٹ کے لیے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا ہے۔ اس خاص موقع پر سنتوش کشواہا نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور ہمارے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے ایک بار پھر ہم پر اعتماد کیا ہے۔ میں ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور اس اعتماد پر پورا اتروں گا۔ اس بار 400 کا نعرہ کامیاب ہوگا اور ہم پورنیہ میں اپنی جیت کا جھنڈا لہرائیں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی اور وزیر اعلیٰ نتیش کمار ہمیشہ ترقی کی نئی بلندیوں کو چھونے کی کوشش کرتے ہیں، ہم سب مل کر اس بلندی کو مزید ا?گے لے جانے کی کوشش کریں گے۔