ای ڈی نے کولکاتا میں کئی مقامات پر چھاپے مارے

تاثیر،۲۱مارچ ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

کولکاتا، 21 مارچ: ای ڈی نے ایک بار پھر کولکاتا کے کئی مقامات پر چھاپے مارے ہیں۔ جمعرات کی صبح ای ڈی کے عہدیداروں نے مختلف ٹیموں میں تقسیم ہوکر مختلف مقامات پر تلاشی مہم شروع کی۔ مرکزی تفتیشی ایجنسی کے مطابق بالی گنج، پارک اسٹریٹ سمیت کئی مقامات پر تلاشی کارروائیاں جاری ہیں۔ بالی گنج سرکلر روڈ پر ایک تاجر کے گھر کی بھی تلاشی لی جارہی ہے۔
تاہم ای ڈی ذرائع کے مطابق جس معاملے میں یہ جانچ چل رہی ہے ،وہ دہلی سے متعلق ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ ٹرانسپورٹ کے کاروبار سے وابستہ تاجر سے بعض مالی بے ضابطگیوں کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔قبل ازیں، ای ڈی نے بھرتی بدعنوانی، شاہجہان شیخ سے متعلق امپورٹ ایکسپورٹ بزنس معاملے، 100 دن کی روزگار کی ضمانت بدعنوانی معاملوں سمیت کئی معاملات میں کولکاتا اور ضلع میں تلاشی لی تھی۔ تاہم ای ڈی ذرائع نے انکشاف کیا کہ جمعرات کی تلاش کا ان معاملات سے کوئی تعلق نہیں ہے۔