ای ڈی کے سامنے پیش نہیں ہوں گے آج کیجریوال ، سمن کو غیر قانونی قرار دیا

تاثیر،۱۸مارچ ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 18 مارچ : دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال دہلی جل بورڈ سے متعلق منی لانڈرنگ معاملے میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی پوچھ گچھ میں شامل نہیں ہوں گے۔ ای ڈی نے کیجریوال کو منی لانڈرنگ ایکٹ کی دفعہ 50 کے تحت سمن جاری کیا تھا۔
عام آدمی پارٹی نے اپنے بیان میں ای ڈی کے سمن کو غیر قانونی قرار دیا ہے۔ دراصل یہ دوسرا معاملہ ہے جس میں پارٹی کے کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال پر رشوت لینے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ ای ڈی نے اتوار کو پہلی بار کیجریوال کو ایک ساتھ دو سمن بھیجے۔ اس میں پہلی بار جل بورڈ سے متعلق منی لانڈرنگ کے معاملے میں کیجریوال کو سمن بھیجا گیا تھا اور انہیں 18 مارچ کو پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا گیا تھا۔ مبینہ دہلی شراب پالیسی گھوٹالہ سے متعلق معاملے میں نواں سمن جاری کرتے ہوئے انہیں 21 مارچ کو طلب کیا گیا ہے۔