بابر اعظم کو دوبارہ پاکستان کرکٹ ٹیم کا کپتان بنا دیا گیا

تاثیر، ۳۱  مارچ ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

لاہور ،31مارچ:پاکستان کرکٹ بورڈ نے بابر اعظم کو ایک بار پھر قومی کرکٹ ٹیم کا کپتان بنا دیا۔پی سی بی کے مطابق بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے ٹیم کی قیادت کریں گے۔ان سے قبل شاہین آفریدی ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں ٹیم کے کپتان تھے۔بابر اعظم 52 ٹیسٹ، 117 ون ڈے اور 109 ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ ورلڈکپ 2023ء￿ میں گرین شرٹس کی ناقص کارکردگی کے بعد بابر اعظم نے تمام فارمیٹس کی کپتانی سے استعفیٰ دے دیا تھا جس کے بعد شاہین شاہ آفریدی کو ٹی ٹوئنٹی اور شان مسعود کو ٹیسٹ فارمیٹ میں ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا تھا جبکہ ون ڈے کے لیے کسی کپتان کے نام کا اعلان نہیں ہوا تھا۔ واضح رہے کہ بابر اعظم کی قیادت میں پاکستان نے 71 ٹی ٹوئنٹی میچز میں سے 42 جیتے اور 23 ہارے۔ بابر اعظم اب تک 5 انٹرنیشنل ٹورنامنٹس ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2021ء اور 2022ء ، ایشیاء کپ 2022ء ، 2023ء اور ورلڈ کپ 2023ء میں پاکستان ٹیم کی قیادت کر چکے ہیں۔ تاہم پاکستان ٹیم بابر اعظم کی قیادت میں اب تک کوئی آئی سی سی یا ایشیاء کپ ٹائٹل نہیں جیت سکی ہے۔