بغیر پاسپورٹ ٹورنٹو پہنچنے پر پاکستانی ایئر ہوسٹس پر 200 کینیڈین ڈالر کا جرمانہ

تاثیر،۱۸مارچ ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

کراچی، 18 مارچ: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) میں کام کرنے والی ایئر ہوسٹس کو بغیر پاسپورٹ کے اسلام آباد سے ٹورنٹو پہنچنے پر کینیڈین حکام نے 200 کینیڈین ڈالر جرمانہ عائد کر دیا ہے۔
معلومات کے مطابق یہ واقعہ 15 مارچ کو پیش آیا جب پی آئی اے کی ایئر ہوسٹس فلائٹ نمبرپی کے 781 میں ڈیوٹی کے لیے جاتے ہوئے اپنا پاسپورٹ ساتھ رکھنا بھول گئی۔ یہ طیارہ ٹورنٹو جا رہا تھا، جس کے بعد پی آئی اے کی ایئر ہوسٹس نے بغیر پاسپورٹ کے اسلام آباد سے ٹورنٹو کا سفر کیا۔ طیارے کے لینڈنگ کے بعد اس غفلت کا پتہ چلا اور کینیڈین حکام نے اس پر 200 کینیڈین ڈالر (تقریباً 42000 پاکستانی روپے) جرمانہ عائد کیا۔
پی آئی اے کے ترجمان نے ملازم کی شناخت خفیہ رکھتے ہوئے کہا کہ وہ کراچی ایئرپورٹ پر ہی اپنا پاسپورٹ بھول گئی تھی۔ ترجمان نے ایئر ہوسٹس کی کناڈا میں سیاسی پناہ لینے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ وہ پی کے 782 پر پاکستان واپس آرہی ہیں۔ حالیہ ہفتوں میں پی آئی اے کے 10 سے زائد اہلکار کناڈا پہنچ کر لاپتہ ہو گئے ہیں۔