بنگلورو کیفے دھماکہ: ملزم کی اصلی تصویریں منظر عام پر

تاثیر،۲۳مارچ ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

بنگلورو،23 مارچ:کرناٹک کی راجدھانی بنگلورو میں رامیشورم کیفے میں ہوئے دھماکے میں ملوث ملزمان کی اصلی تصاویر سامنے آئی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق اس معاملے میں دو ملزمین کی شناخت ہو گئی ہے۔ دونوں ملزمان شیوموگا کے آئی ایس آئی ایس ماڈیول سیوابستہ ہیں اور اس سے قبل بھی ایک کیس میں ملوث رہے ہیں۔مرکزی ملزم مساویر حسین شاجیب کرناٹک کے شیوموگا ضلع میں واقع تیرتھاہلی کا رہنے والا ہے۔ دوسرا ملزم عبدالمتھران طحہٰ بھی تیرتھہلی کا رہائشی ہے۔ این آئی اے کے ذرائع نے دھماکے سے پہلے ان کی نقل و حرکت کی جانچ کی اور پتہ چلا کہ یہ دونوں چنئی کے ٹرپلیکین میں ایک لاج میں ٹھہرے تھے اور دھماکے کے بعد دوبارہ چنئی لوٹ آئے تھے۔ملزمان کا آخری ٹھکانا نیلور، آندھرا پردیش میں پایا گیا ہے، جس کی سرحد تامل ناڈو سے ملتی ہے۔ این آئی اے نے پہلے ہی مرکزی ملزم کے لیے انعام کا اعلان کر رکھا ہے۔ این آئی اے نے اس معاملے میں مشتبہ بمبار کے بارے میں معلومات فراہم کرنے پر 10 لاکھ روپے کے انعام کا اعلان کیا تھا۔ این آئی اے نے ایکس پر مشتبہ بمبار کی ایک تصویر پوسٹ کی تھی جس میں وہ ٹوپی، ماسک اور چشمہ پہنے کیفے میں داخل ہوتے ہوئے نظر آ رہا ہے۔ فون نمبر اور ای میل آئی ڈی کو شیئر کرتے ہوئے این آئی اے نے کہا ہے کہ ان کے ذریعے لوگ اس ‘نامعلوم’ شخص کے بارے میں معلومات بھیج سکتے ہیں۔۔1 مارچ کو مشرقی بنگلورو کے بروک فیلڈ میں رامیشورم کیفے کے اندر دھماکے میں کم از کم 10 افراد زخمی ہوئے تھے۔ شبہ ہے کہ یہ دھماکہ آئی ای ڈی کے ذریعے کیا گیا۔ دھماکے کے فوراً بعد، کرناٹک پولیس نے سخت غیر قانونی سرگرمیاں روک تھام ایکٹ اور دھماکہ خیز مواد ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔ رامیشورم کیفے کو دھماکے کے ایک ہفتے بعد سخت حفاظتی انتظامات میں دوبارہ کھول دیا گیا۔ کیفے کو پھولوں سے سجایا گیا تھا اور کھلنے سے پہلے صبح کی پوجا کی گئی تھی۔ اب رامیشورم کیفے کی سیکورٹی سخت کر دی گئی ہے اور لوگوں کو چیک کرنے کے لیے میٹل ڈیٹیکٹر بھی لگائے گئے ہیں۔