بہار میں سی اے اے اور این آر سی نافذ نہیں ہوگا :خالد انور

تاثیر،۱۸مارچ ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

موتیہاری، 18 مارچ:مرکز کی مودی حکومت نے حال ہی میں پورے ملک میں سی اے اے کے نفاذ کا اعلان کیا ہے۔ تاہم جہاں اپوزیشن جماعتوں کی حکومت ہے وہاں اس کی مخالفت بھی ہورہی ہے۔ وہیں بہار میں بی جے پی کے ساتھ حکومت چلانے والی نتیش کمار کی پارٹی جے ڈی یو بھی اس کی مخالفت کر رہی ہے۔ قانون ساز کونسلر خالد انور نے اسے ریاست میں نافذ کرنے سے صاف انکار کر دیا ہے۔
ایک روزہ دورے پر موتیہاری پہنچے جے ڈی یو ایم ایل سی خالد انور نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بہار میں نتیش کمار کے رہتے کسی کو فکر کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی اے اے شہریت دینے کا قانون ہے ، اس کے تحت شہریت نہیں چھینی جائے گی۔ وہ سیاسی جماعتیں جو لوگوں کو خوف زدہ اور پریشان کر رہی ہیں کہ کوئی ان کی شہریت کھو رہا ہے ، عوام میں افواہیں پھیلا رہے ہیں۔ بہرحال بہار اسمبلی میں یہ قرارداد پاس ہوئی ہے کہ بہار میں سی اے اے اوراین ا?ر سی کی ضرورت نہیں ہے۔
اس کے ساتھ ہی لوک سبھا انتخابات سے متعلق پوچھے گئے سوال پر خالد انور نے کہا کہ بہار میں این ڈی اے سی ایم نتیش کمار کی قیادت میں الیکشن لڑ رہی ہے۔ این ڈی اے اتحاد کے امیدوار تمام 40 سیٹوں پر کامیابی حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بہار میں لیڈ ر نتیش کمار ہیں اور ان کے رہتے بہار میں کسی کی ضرورت نہیں ہے۔ نتیش کمار جس پر ہاتھ ڈالیں گے وہی امیدوار ہوگا۔ تمام نشستیں تقسیم ہو چکی ہیں۔ جے ڈی یو 16 سیٹوں پر الیکشن لڑے گی۔ اس کا باقاعدہ اعلان ایک دو روز میں کر دیا جائے گا۔