بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد یقینی طور پر ہلکا محسوس کر رہی ہوں: میگ لیننگ

تاثیر،۱۶مارچ ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 15 مارچ: دہلی کیپٹلز (ڈی سی ) کی کپتان میگ لیننگ نے ڈی سی پوڈ کاسٹ سیزن 4 کے پہلے ایپی سوڈ کے دوران کھل کر بات کی۔ انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے فیصلے پر سابق آسٹریلوی کپتان کا کہنا تھا کہ ’یہ فیصلہ لینا آسان نہیں تھا لیکن میں نے جو فیصلہ کیا ہے، اس سے مطمئن ہوں، جب آپ آسٹریلوی کپتان ہوتے ہیں تو آپ کو ایک خاص طریقہ سے دیکھنے کی عادت ہوجاتی ہے اور ایسا محسوس ہوتا ہے کہ آپ اپنے احتیاط میں بہت زیادہ کمی نہیں کر سکتیں۔ میں یقینی طور پر بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہونے کے بعد ہلکا محسوس کر رہی ہوں۔‘‘
لیننگ نے یہ بھی کہا کہ وہ اپنی بین الاقوامی کرکٹ کی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر زیادہ آرام دہ محسوس کرتی ہیں، ان کا کہنا تھا کہ ’’میں اب سوشل میڈیا پر کچھ زیادہ ہی آرام دہ ہوں۔ جب میں آسٹریلیا کے لئے کھیل رہی تھی تو کافی محتاط تھی۔ دہلی کیپٹلز کے ماحول میں آنا واقعی اچھا رہا، جہاں سوشل میڈیا کو تھوڑا مختلف انداز سے دیکھا جاتا ہے۔ سوشل میڈیا ٹیم ڈی سی کے پاس جو کچھ خیالات لے کر آتی ہے ،اس کے پیچھے بہت سی سوچ ہوتی ہے اور میں نے ان خیالات میں سے کچھ کو اپنانے کی کوشش کی‘‘۔
دہلی کیپٹلز کیمپ کے ماحول کے بارے میں بات کرتے ہوئے کپتان نے کہا،’’کوئی بھی کسی سے زیادہ اہم نہیں ہے اور آپ اس میں فرق نہیں بتا سکتے کہ کون کھیل رہا ہے اور کون نہیں کھیل رہا ہے۔ ہر کوئی ایک دوسرے کے ساتھ وقت گزارنا پسند کرتا ہے اور یہی میدان میں ہماری کارکردگی میں تبدیل ہوتا ہے۔ دہلی کیپٹلس واقعی اچھی طرح سے چلنے والی فرنچائزی ہے۔‘‘
سات ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیموں کا حصہ رہ چکی اس تجربہ کار کھلاڑی نے ہندوستان میں اپنے وقت کے دوران کچھ مقامی مقامات کا دورہ کرنے کے لیے بھی وقت نکالا ہے۔ انہوں نے کہا’’کرکٹ مجھے کچھ ایسی حیرت انگیز جگہوں پر لے گئی ہے جہاں میں پہلے کبھی نہیں گئی تھی۔ ڈبلیو پی ایل نے مجھے باہر جانے اور ہندوستان میں مقامی طور پر کچھ جگہیں دیکھنے کا ایک اچھا موقع فراہم کیا ہے۔ میں زیادہ تر وقت ایک اچھے کیفے کی تلاش میں رہتی ہوں اور مجھے ممبئی اور بنگلور میں کچھ اچھی جگہیں ملی بھی ہیں۔‘‘
میگ لیننگ اتوار کو مسلسل دوسرے ڈبلیو پی ایل فائنل میں دہلی کیپٹلس کی قیادت کرنے والی ہیں۔ فائنل میں دہلی فرنچائزی کا مقابلہ ممبئی انڈینز اور رائل چیلنجرز بنگلور کے درمیان ہونے والے ایلیمینیٹر میچ کے فاتح سے ہوگا۔