جموں۔سرینگر قومی شاہراہ پر المناک سڑک حادثہ، دس افراد لقمہ اجل

تاثیر،۲۹مارچ ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

جموں، 29 مارچ : جموں و کشمیر کے پہاڑی ضلع رامبن میں جموں۔سرینگر قومی شاہراہ پر بیٹری چشمہ کے قریب ایک المناک سڑک حادثے میں دس افراد جاں بحق ہو گئے۔ حکام نے بتایا کہ حادثہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب ??دو بجے کے درمیان اس وقت پیش آیا جب ٹویرا گاڑی جموں سے سری نگر کی طرف جارہی تھی اور بیٹری چشمے کے مقام پر ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر گہری کھائی میں جاگری۔
اندھیرے کی وجہ سے رات کو ریسکیو آپریشن شروع نہیں کیا جا سکا تاہم جمعہ کی صبح ہی پولیس، ایس ڈی آر ایف، کیو آر ٹی کی ٹیموں نے ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے وادی کشمیر مزدوری کرنے جا رہے تھے۔
ریسکیو کارکنوں نے اب تک گاڑی میں سوار 10 افراد کی لاشیں نکالی ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ ڈرائیور جموں کا رہنے والا ہو سکتا ہے لیکن اس کے نام اور دیگر تفصیلات اب تک سامنے نہیں آئی ہیں۔ مسافروں کی صحیح تعداد کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے کیونکہ حادثہ ہونے کے بعد گاڑی ایک ہزار فٹ گہری کھائی میں جاگری تھی۔ گاڑی کا رجسٹریشن نمبر بھی اب تک نہیں ملا۔
کھائی سے برآمد ہونے والی لاشیں بکھری اور مسخ شدہ پائی گئیں جن میں سے کچھ کی ٹانگیں کٹی ہوئی تھیں اور دوسروں کی لاشیں کٹی ہوئی تھیں اور یہ سب سڑک سے گھاٹی تک ڈھلوان پر پڑی تھیں اور آخری اطلاعات تک علاقے میں موسلادھار بارش ہو رہی تھی۔ پولیس نے بتایا کہ ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر رامبن اور ایس ایچ او رامبن کی نگرانی میں پولیس ٹیمیں ریسکیو کام پر ہیں اور اب تک 10 مسخ شدہ لاشیں برآمد کی گئی ہیں۔
مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ انہوں نے اس المناک سڑک حادثے کے بارے میں جاننے کے بعد ڈی سی رامبن بصیر الحق سے بات کی۔ اْنہوں نے کہا کہ پولیس، ایس ڈی آر ایف اور سول کیو آر ٹی موقع پر ہیں۔ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ سنگھ نے سوگوار خاندانوں سے لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔