جھارکھنڈ کے کئی حصوں 16 سے 18 تک میں بارش اور آسمانی بجلی گرنے کے امکانات

تاثیر،۱۶مارچ ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

رانچی، 15 مارچ: ریاست میں موسم کامزاج پھر سے تبدیل ہو گا۔ رانچی کے محکمہ موسمیات نے 16 سے 18 مارچ کے لیے ایلو الرٹ جاری کیا ہے۔ جاری کردہ الرٹ میں تیز ہوا کے ساتھ آسمانی بجلی کی وارننگ بھی دی گئی ہے۔ لوگوں کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق رانچی، رام گڑھ، ہزاری باغ، گملا، بوکارو، کھونٹی، مشرقی، مغربی سنگھ بھوم، سمڈیگا اور سرائیکیلا کھرساواں اضلاع میں بارش ہوگی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 16 سے 18 مارچ کے درمیان درجہ حرارت پانچ ڈگری سیلسیس تک گر سکتا ہے۔ 20 مارچ کو بھی بارش کا امکان ہے، جس کا اثر ریاست بھر میں نظر آئے گا۔
مرکز کے مطابق آنے والے دو دنوں تک زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں کسی بڑی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ہے۔ اس کے بعد درجہ حرارت پانچ ڈگری تک گر سکتا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ دو دنوں کے دوران ریاست کے درجہ حرارت میں تین ڈگری تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ایسے میں لوگ گرمی کو محسوس کر رہے ہیں۔ آنے والے دنوں میں لوگوں کو بارش سے راحت ملے گی۔