جیب میں ٹکٹ رکھنے والے گوپال منڈل کو جھٹکا ، نہیں ملا بھاگلپور سے ٹکٹ ،اب کیالالو کے ساتھ جائیں گے ؟

تاثیر،۲۴مارچ ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

پٹنہ، 24 مارچ:خود کو ٹکٹ تقسیم کرنے والے گوپال منڈل کا دعویٰ اس وقت جھوٹا ثابت ہوا جب جے ڈی یو نے اجے منڈل کو بھاگلپور سیٹ سے دوبارہ میدان میں اتارا۔اس سے قبل گوپال منڈل نے کئی بار عوامی طور پر دعویٰ کیا تھا کہ وہ بھاگلپور سیٹ سے الیکشن لڑیں گے، لیکن اب ان کی امیدوں پر پانی پھر گیا ہے۔ ایسے میں گوپال منڈل کے اگلے قدم کی بحث بھی تیز ہوگئی ہے۔گوپال منڈل اکثر یہ دعویٰ کرتے رہے ہیں کہ ٹکٹ ان کی جیب میں ہی رہتا ہے اور ٹکٹ بانٹنے والے ہم لوگ ہیں۔ یہاں تک کہ گوپال منڈل نے کہا تھا کہ’میں بھاگلپور سے لوک سبھا الیکشن لڑوں گا اور اجے منڈل اس بار نہیں لڑیں گے۔ ان کی صحت ٹھیک نہیں ہے، میں ان کو سمجھا دیا ہوں۔‘‘ لیکن جے ڈی یو نے ایک بار پھر اجے منڈل پر اعتماد کیا ہے اور جیب میں ٹکٹ لے کرگھومنے کا دعویٰ کرنے والے گوپال منڈل کو سخت دھچکا لگا ہے۔ گوپال منڈل بھاگلپور ضلع کے گوپال پور سے جے ڈی یو کے ایم ایل اے ہیں اور اس بار وہ بھاگلپور سے لوک سبھا الیکشن لڑنا چاہتے تھے۔ ذرائع کی مانیں تو گوپال منڈل بھی ٹکٹ کو لے کر آر جے ڈی سے رابطے میں ہیں۔ حالانکہ انہوں نے براہ راست اس کی تردید کی ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ ’’میں نے بھاگلپور سے الیکشن لڑنے کی آر جے ڈی کی پیشکش کو ٹھکرا دیا ہے۔
ادھر لالو پرساد نے جے ڈی یو سے روپولی کی ایم ایل اے بیما بھارتی کو آر جے ڈی میں لاکر جے ڈی یو کو جھٹکا دیا ہے۔ یہی نہیں بیما بھارتی کو پورنیہ لوک سبھا سیٹ سے ٹکٹ دینے کی خبر نے کانگریس اور پپو یادو کی راتوں کی نیندیں اڑا دی ہیں۔ اب اگر لالو پرساد گوپال منڈل معاملے میں بھی کوئی بڑا کھیل کھیلتے ہیں تو حیرت کی بات نہیں ہوگی۔ معلومات کے مطابق بھاگلپور بھی ان سیٹوں میں شامل ہے جن پر عظیم اتحاد پھنس گیا ہے ، جہاں سے کانگریس لیڈر اجیت شرما کی اداکارہ بیٹی نیہا شرما کے کانگریس کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے کی بات ہے۔ لیکن اگر گوپال منڈل اپنا خیمہ بدلتے ہیں اور بیما بھارتی کی طرح ٹکٹ کی پیشکش کرتے ہیں، تو یہ کانگریس کے لیے بڑا جھٹکا ہو سکتا ہے۔ اس سیقبل لالو پرساد نے پورنیہ سیٹ پر یہ کھیل کھیلا تھا۔ پورنیہ سیٹ سے الیکشن لڑنے کے ارادے سے پپو یادو نے بڑی دھوم دھام سے نئی دہلی میں اپنی پارٹی کو کانگریس میں ضم کر دیا تھا۔ لیکن لالو پرساد نے جے ڈی یو کی بیما بھارتی کو پورنیہ سے الیکشن لڑنے کا اشارہ دے کر پپو یادو کے ساتھ ساتھ کانگریس کو بھی جھٹکا دیا ہے۔