خدا بخش لائبریری میں اورینٹیشن پروگرام

تاثیر،۲۰مارچ ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

پٹنہ: ۲۰؍مارچ ۲۰۲۴ء: خدا بخش لائبریری برسوں سے علم کی روشنی پھیلانے کا کام کر رہی ہے۔یہ ایک لائبریری کے ساتھ ساتھ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ بھی ہے جہاں مسلسل تحقیق و تدوین کا کام جاری ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ لائبریری نے یہ سلسلہ بھی رکھا ہے کہ آنے والی نئی نسل کی کونسلنگ اور ٹریننگ کا کام بھی ساتھ ساتھ کرتی رہے تاکہ مختلف یونیورسٹیوں سے لائبریری سائنس، اورینٹل اسٹڈیز اور بیچلر آف ایجوکیشن کے کورسیس کرنے والے طلبا کو عملی طور پر کام کرنے کے طور طریقوں سے بھی واقف کرایا جائے۔ اس سلسلے میں لائبریری نے کئی درجن طلبا کو ٹرینڈ کیا ہے۔اسی تربیتی پروگرام کے تحت گنگا دیوی کالج، کنکر باغ، پٹنہ کے تیس طالب علم اپنے اساتذہ کی نگرانی میں لائبریری کا دورہ کیا۔
اس موقع پر ڈاکٹر شائستہ بیدار، ڈائرکٹر خدا بخش لائبریری نے اپنے لکچر میں بتایا کہ لائبریرین شپ جس طرح ایک مقدس پیشہ ہے اسی طرح ٹیچر کا بھی بڑا اہم کام ہوتا ہے کہ وہ خاص طور سے بچوں کی ذہن سازی کرتے ہیںجس کے ذریعہ سماج اور معاشرہ کو ایک خوشگوار ماحول عطا کرنے کی سمت میں انتھک کوشش کی جاتی ہے اور انسان دوستی اور ذہنی ہم آہنگی کی جوت جلائی جاتی ہے۔ اس کی بھی جانکاری دی گئی کہ مختلف موضوعات پر اچھی کتابوں کا انتخاب اور اس کی حصولیابی اپنے آپ میں بڑی اہمیت رکھتا ہے لیکن اس سے بھی اہم یہ ہے کہ حاصل کردہ کتابوں کا بڑے پیار سے تحفظ کرنا ہے۔اس کے لئے مختلف طریقے اپنائے جاتے ہیں، نئی تکنیک کے ساتھ پرانی تکنیک کو بھی عمل میں لایا جاتا ہے۔خدا بخش لائبریری1891سے سماج اور معاشرہ کے مختلف میدان میں اپنی گوناگوں خدمات انجام دے رہی ہے اور ساتھ ہی کالج اور یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کر رہے طالب علموں کی ذہن سازی کا بھی کام بخوبی انجام دے رہی ہے۔ ان طالب علموں کو لائبریری کے مختلف شعبہ جات: مخطوطات، مطبوعات، رسائل، آڈیو ویڈیو، ڈیجی ٹائزیشن، شعبہ نشر و اشاعت، کیٹلاگنگ، ریفرنس سروس،Lending Section وغیرہ کی معلومات فراہم کی گئیں اور اس کی کارکردگی کے بارے میں بتایا گیا۔ اس طرح کے پروگرام سے کم سے کم وقت میں نئی اور تازہ جانکاریاں حاصل کی جا سکتی ہیں۔تاریخ اْنہی قوموں کا احترام کرتی ہے جو اپنے عِلمی سرمائے کی حِفاظت کرنا جانتی ہیں۔کتاب پڑھنے سے جہاں ذہن کھلتا ہے فکر و خیال نکھرتے ہیں وہیں پر یہی کتاب زندگی کے نشیب و فراز کی بہترین مددگار بھی ہوتی ہے، خدا بخش لائبریری کا Mottoہے کتاب بہترین دوست ہے۔اس لئے ہماری بنیادی ذمہ داری ہے کہ لائبریری کو فروغ دیں اور اس میں رکھی کتابوں کے تحفظ اور اس میں محفوظ علم کے پھیلاوپر خصوصی دھیان دیں تاکہ آنے والی نسل اس نعمت سے محروم نہ رہ سکے۔ ایجوکیشن حاصل کرنا صرف ڈگری حاصل کرنا نہیں ہوتا، بلکہ شخصیت میں تبھی نکھار پیداہوتا ہے جب علم کے حصول سے دل و دماغ منور ہو اور ایجوکیشن ہی وہ ذریعہ ہے جس سے ایک ہم آہنگ سماج کی تشکیل ہو سکتی ہے اور جس سے دیش کی اور زیادہ اُنّتی ہوگی۔ ہمیں خوشی ہے کہ آج ہمارے سامنے مستقبل کے ماہر تعلیم بیٹھے ہیں۔ آپ آج سے اس بات کا ارادہ کر لیں کہ آپ کو جو گیان ایشور نے دیا ہے، اس کو شیئرکرنا شروع کردیں، اپنے آس پاس کے بچوں سے شروع کر سکتے ہیں۔