درآمدات سے زرمبادلہ کو ہو رہا ہے نقصان ، دیسی مصنوعات کو ترجیح دیا جانا چاہیے: جگدیپ دھنکھڑ

تاثیر،۱۳مارچ ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 12 مارچ:ہندوستان کے نائب صدر جمہوریہ جگدیپ دھنکھڑ نے آج پارلیمنٹ ہاوس کے احاطے میں انڈین ریونیو سروس (آئی آر ایس) کے افسر ٹرینیز کے 77ویں بیچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ درآمدات سے ہندوستان کے غیر ملکی زر مبادلہ کو بہت زیادہ نقصان ہو رہا ہے۔ اس سے روزگار اور انٹرپرینیورشپ کے مواقع بھی متاثر ہو رہے ہیں۔ ایسے میں مقامی لوگوں کو ترجیح دی جانی چاہیے۔
نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ 1.4 ارب کی آبادی کے ساتھ، ہماری ٹیکس وصولی کی صلاحیت بڑی حد تک غیر استعمال شدہ ہے۔ ٹرینیز سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وقت کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹیکس دہندگان کی تعداد بڑھانے کی ضرورت ہے۔ نائب صدر جمہوریہ نے یہ بھی مشورہ دیا کہ یہ کام طاقت کے ذریعہ نہیں بلکہ مشاورت اور تعاون کے ذریعہ کیا جانا چاہئے۔ نائب صدر جمہوریہ نے آئی آر ایس برادری پر زور دیا کہ وہ ملک میں اقتصادی قوم پرستی کے جذبے کو فروغ دیں۔
نائب صدر جمہوریہ نے آئی آر ایس افسر ٹرینیزکو تعمیل اور قانون پر عمل کرنے کے لئے حوصلہ افزائی کرنے کو بھی کہا۔ نائب صدر جمہوریہ نے کہا، ’’آپ کو اس ذمہ داری کو فخر اور پوری دیانتداری کے ساتھ نبھانا چاہیے۔ ایک مثالی افسر اور شہری ہونے کا سب سے محفوظ راستہ شارٹ کٹ لینے سے گریز کرنا اور قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھنا ہے۔‘‘
نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ پچھلی دہائی میں ٹیکسوں کی تبدیلی کی اصلاحات نے ٹیکس کے بوجھ کو کم کیا ہے، بگاڑ کو دور کیا ہے، جس سے ترقی کو مزید فروغ دینے کے لیے ٹیکس کی بنیاد کو وسیع کرنے کی راہ ہموار ہوئی ہے۔ ٹیکس دہندگان اب ٹیکس منتظمین سے نہیں ڈرتے۔ اب ٹیکس دہندہ کو یقین دلایا جاتا ہے کہ اس کی ٹیکس ادائیگیاں قومی ترقی کے لیے استعمال کی جا رہی ہیں۔
اس موقع پر راجیہ سبھا کے جنرل سکریٹری پی سی مودی، نائب صدر جمہوریہ ہند کے سکریٹری سنیل کمار گپتا، سنٹرل بورڈ آف ڈائریکٹ ٹیکس (سی بی ڈی ٹی) کے چیئرمین نتن گپتا، سی بی ڈی ٹی کے پرنسپل ڈائریکٹر جنرل (ٹریننگ) سیمانچلا داش، نیشنل اکیڈمی کے ڈائریکٹر جنرل ڈائریکٹ ٹیکسز (این اے ڈی ٹی) آنند بیوار ، 7ویں بیچ کے آئی آر ایس آفیسر ٹرینی اور دیگر معززین بھی موجود تھے۔