دھنباد کے پرانے بازار میں لگی آگ، کئی دکانیں جل کر خاکستر

تاثیر، ۳۱  مارچ ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

دھنباد، 31 مارچ: شہر کے بینک مو ڑتھانہ علاقے میں واقع پرانا بازار جامع مسجد کے قریب اتوار کی صبح آگ لگ گئی۔ آگ اتنی شدید تھی کہ اس نے کچھ ہی دیر میں کئی دکانوں کو خاکستر کر دیا۔ دکانداروں اور مقامی لوگوں کی اطلاع پر فائربریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچی تو کئی دکانیں راکھ کا ڈھیر بن گئیں۔ تقریباً دو گھنٹے کی محنت کے بعد آگ پر قابو پایا جا سکا۔
متاثرہ دکاندار رتنیش سنگھ اور جاوید اعظم نے بتایا کہ اس آگ میں تقریباً ڈیڑھ درجن دکانیں جل کر خاکستر ہوگئیں۔ اس کے علاوہ رمضان المبارک کا مہینہ چل رہا ہے جس کی وجہ سے دکانوں میں نیا سامان منگوایا گیا اور اسٹاک کیا گیا۔ وہ بھی جل کر تباہ ہو گئے۔ دکانداروں کے مطابق اس واقعہ میں لاکھوں روپے کا نقصان ہوا ہے۔ فی الحال آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے۔