دہلی کی تمام ضلع عدالتوں میں آج قومی لوک عدالت

تاثیر،۱۰مارچ ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 09 مارچ : قومی راجدھانی دہلی کی ساتوں ضلع عدالتوں میں آج قومی لوک عدالت کا انعقاد کیا گیا ہے۔ ان میں ٹریفک چالان، چیک باونس، خاندانی تنازعات وغیرہ سے متعلق مقدمات کا تصفیہ کیا جائے گا۔ یہ ضلع عدالتیں تیس ہزاری کورٹ، پٹیالہ ہاوس کورٹ،کڑکڑڈوما کورٹ، راوس ایونیو کورٹ، روہنی کورٹ، دوارکا کورٹ اور ساکیت کورٹ ہیں ۔
لوک عدالت کا مطلب عوامی عدالت ہے۔ یہ ایک ایسا فورم ہے جہاں تنازعات کو باہمی رضامندی سے طے کیا جاتا ہے۔ لوک عدالت تنازعات کو حل کرنے کا ایک متبادل ذریعہ ہے۔ لوک عدالت میں، فریقین کی رضامندی تنازعات کے حل کی بنیاد ہے، لیکن یہ حل قانون کے خلاف نہیں ہو سکتے۔
لوک عدالت میں ان تمام فوجداری مقدمات کو چھوڑ کر جن کا تصفیہ قانوناً ممکن نہیں ہے، تمام دیوانی اور فوجداری مقدمات کو باہمی رضامندی سے حل کیا جاتا ہے۔عدالت میں مقدمہ جانے سے پہلے بھی ایسے تنازعات جنہیں عدالت میں دائر نہیں کیا گیاہے، ان کا بھی پری لٹیگیشن سطح پر یعنی مقدمہ دائر کئے بغیر ہی دونوں فریقین کی رضامندی سے لوک عدالتوں میں تصفیہ کیا جا سکتا ہے۔