راہل گاندھی کا بیان مضحکہ خیز : اشوک چوہان

تاثیر،۱۹مارچ ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

ممبئی، 19 مارچ: مہاراشٹرا میں کانگریس پارٹی چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہونے والے اشوک چوان نے کانگریس لیڈر اور رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی کے اس بیان کو مضحکہ خیز قرار دیا ہے جس میں راہل گاندھی نے ان کا نام لیے بغیر کہا تھا کہ چوان نے سونیا گاندھی کے پاس جاکر اپنی مجبوری بتائی اور کہا تھا کہ اور جیل جانے سے بچنے کے لیے بی جی پی میں شمولیت اختیار کی ہے۔ واضح رہے کہ راہل گاندھی نے بھارت جوڑو نیائے یاترا کے اختتام پر ممبئی میں منعقدہ ایک بڑی ریلی میں بی جے پی، وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی حکومت اور کانگریس پارٹی چھوڑنے والے لیڈروں پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسی علاقے کا ایک سینئر لیڈر کانگریس چھوڑ کر میری ماں کے پاس آکر رو کر کہتا ہے ” سونیا جی مجھے شرم آ رہی ہیں، میرے ہمت نہیں ہے، میں جیل نہیں جانا چاہتا ہوں…’
اشوک چوہان نے راہل گاندھی کے دعوے پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ، راہل گاندھی نے کسی کا نام نہیں لیا۔ لیکن اگر راہل گاندھی کا بیان میرے بارے میں ہے تو یہ مضحکہ خیز اور بے بنیاد ہے، میں سونیا گاندھی سے نہیں ملا۔ میری سونیا گاندھی سے ملاقات اور اپنے جذبات کے اظہار کے حوالے سے جو بیان دیا گیا ہے وہ غلط اور گمراہ کن ہے. اس میں کوئی صداقت نہیں۔ ایک اور بات یہ ہے کہ میں کانگریس چھوڑنے تک پارٹی کے لیے کام کرتا رہا ہوں۔ اس لیے اشوک چوہان نے واضح طور پر کہا کہ اس حقیقت کے بارے میں کوئی نہیں جانتا تھا کہ وہ کانگریس چھوڑنے والے ہیں۔