رفح میں اسرائیلی حملوں کا منصوبہ، حماس ملٹری کمانڈر کی مسلمانوں سے فلسطین کی جانب مارچ کی اپیل

تاثیر،۲۸مارچ ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

تل ابیب، 28 مارچ :اسرائیل نے رمضان المبارک کے فوری بعد مقبوضہ فلسطین کے محصور علاقے غزہ کے مقام رفح میں 6 ہفتوں تک حملوں کا منصوبہ بنا لیا۔اسرائیل کی ہٹ دھرمی جاری ہے اور اب غزہ کے علاقے رفح میں حملوں کی منصوبہ بندی بھی مکمل کرلی ہے۔ اسرائیلی اخبار کے مطابق رمضان کے فوری بعد رفح میں 6 ہفتوں تک اسرائیلی حملوں کا منصوبہ بنایا گیا ہے، ان حملوں کے بعد غزہ سے فلسطینیوں کو بے دخل کیا جائے گا اور اسرائیل مصرکوباضابطہ اطلاع دے گا۔اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے اقوام متحدہ کی قرارداد بھی مسترد کر دی اور کہا کہ حماس کو سمجھ جانا چاہیے اسرائیل پر عالمی دباؤ کام نہیں کریگا۔انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل میں امریکی فیصلہ بہت زیادہ برا اقدام تھا، اسرائیلی وفد کو امریکا نہ بھیجنے کا فیصلہ حماس کیلئے پیغام تھا کہ کوئی بھی عالمی دباؤ کام نہیں آئے گا۔دوسری جانب مقبوضہ فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے ملٹری کمانڈر محمد الضیف نے غیر معمولی بیان جاری کیا ہے۔ اپنے آڈیو بیان میں ملٹری کمانڈر نے اردن، لبنان، پاکستان اور ملائیشیا سمیت تمام عرب اور اسلامی ممالک کے مسلمانوں سے اپیل کی کہ مسلمان فلسطین کی جانب مارچ شروع کریں۔اُدھر اسرائیل کی جانب سے غزہ پر بمباری کا سلسلہ جاری ہے اور مزید 70 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے۔ 7 اکتوبر سے اب تک اسرائیلی حملوں میں شہدا کی تعداد 32 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔