سابق صدر پرتیبھا پاٹل کی طبیعت بگڑ ی، پونے کے اسپتال میں داخل

تاثیر،۱۵مارچ ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

ممبئی، 14 مارچ:ملک کی سابق صدر پرتیبھتائی پاٹل کی صحت بگڑ گئی ہے۔ انہیں فوری علاج کے لیے پونے کے بھارتی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ وہ بخار اور سینے کے انفیکشن میں مبتلا ہیں ۔ فی الحال پرتیبھا پاٹل کی صحت میں بہتری آرہی ہے۔ڈاکٹروں نے جمعرات کو بتایا کہ پرتیبھا پاٹل (89 سال) کی صحت گزشتہ کئی دنوں سے خراب ہو رہی تھی۔ بدھ کی رات دیر گئے ان کی طبیعت بگڑنے پر انہیں پونے کے بھارتی اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ بھارتی اسپتال کے ڈاکٹروں کی ٹیم پرتیبھاتائی پاٹل کا پوری تندہی سے علاج کر رہی ہے۔
پرتیبھاتائی پاٹل 2007 سے 2012 تک ہندوستان کی پہلی خاتون صدر تھیں۔ قانونی ماہر پرتیبھاتائی پہلی بار جلگاؤں اسمبلی حلقہ سے منتخب ہوئی تھیں۔ اس کے بعد انہوںنے ایس ٹی کارپوریشن کی چیئرپرسن کے طور پر کام کیا اور لگاتار 20 سال تک صحت، سیاحت، پارلیمانی امور، ہاؤسنگ، سماجی بہبود، ثقافتی، صحت عامہ، سماجی بہبود، شراب نوشی کی بحالی، وزیر تعلیم وغیرہ کے عہدوں پر کام کیا۔
اس کے بعد انہوں نے راجیہ سبھا کے نائب چیئرمین کی ذمہ داری قبول کی۔ 1991 میں وہ امراوتی سے لوک سبھا کی رکن بنیں۔ پرتیبھاتائی پاٹل نے بطور صدر اپنے دور میں ہندوستان کو پوری دنیا میں متعارف کرایا۔ صدر کے عہدے سے سبکدوش ہونے کے بعد وہ پونے میں آباد ہو گئیں۔