سری لنکا کا بنگلہ دیش کے خلاف چٹگاؤں میں انوکھا کارنامہ،بھارت کا 48سال پرانا ریکارڈ ٹوٹا

تاثیر، ۳۱  مارچ ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

چٹگاؤں،31مارچ:چٹگاؤں میں بنگلہ دیش اور سری لنکا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ مقابلہ کھیلا جا رہا ہے۔ اس مقابلے میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا تھا۔ دوسرے دن سری لنکا کی پہلی اننگ 531کے اسکور پر ختم ہوئی۔ سری لنکا کی اننگ کے دوران کوئی بھی بلے باز سنچری نہیں لگا پایا۔ اس کے باوجود ٹیم500سے زیادہ کا اسکور بنانے میں کامیاب رہی۔اس طرح سری لنکا نے ٹیسٹ میچ کی ایک اننگ میں بغیر کسی سنچری کے سب سے بڑا اسکور بنانے کا ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے جو ابھی تک بھارت کے نام درج تھا۔
سری لنکا نے مقابلے میں پہلے دن اسٹمپس کے وقت تک 314کا اسکور بنایا تھا۔ پہلے دن کے کھیل کے دوران آؤٹ ہونے والے چار بلے بازوں میں سے تین نے نصف سنچری لگائی تھی لیکن کوئی بھی سنچری نہیں بنا پایا تھا۔ نشان مدوشکا نے 57 اور دمتھ کرونارتنے نے 86رنوں کی اننگ کھیلی تھی ۔ وہیں کسل میڈس نے93رن بنائے تھے۔ دوسرے دن دنیش چنڈی مل نے 59رنوں کی اننگ کھیلی وہیں کپتان دھننجے ڈی سلوا نے 70اور کامندو مینڈس نے ناٹ آؤٹ 92رن بنائے۔ دیگر بلے بازوں کے آؤٹ ہونے کے سبب کامندو ایک سرے پر کھڑے رہ گئے اور ان کے ہاتھ سے بھی سنچری کا موقع نکل گیا۔
اس طرح سری لنکا کی اننگ میں کوئی بھی بلے باز سنچری نہیں بنا پایا لیکن اس نے بھارت کے ریکارڈ کو توڑ دیا۔ بھارت نے سال 1976میں نیوزی لینڈ کے خلاف کانپور ٹیسٹ کی پہلی اننگ میں 524کا اسکور بنا کر اننگ کا اعلان کیا تھا جو ابھی تک بغیر ایک بھی سنچری کے سب سے بڑا ٹیسٹ اسکور تھا۔ بھار ت کی اننگ میں 6بلے بازوں نے نصف سنچری لگائے تھ لیکن کوئی بھی اپنی اننگ کو سنچری میں تبدیل نہیں کر پایا تھا ۔ موہندر امر ناتھ نے سب سے زیادہ 70رن بنائے تھے۔