سر پر پٹی باندھ کر گارڈن ریچ جائے حادثہ پر پہنچیںوزیر اعلی ممتا

تاثیر،۱۸مارچ ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

کولکاتا، 18 مارچ: وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے پیر کی صبح گارڈن ریچ جائے حادثہ کا دورہ کیا۔ گزشتہ جمعہ کو وزیراعلیٰ کے ماتھے پر گہری چوٹ آئی تھی ۔ ان کے ماتھے اور ناک پر کل چار ٹانکے لگے ہیں اور پٹی بھی بندھی ہے۔ وہ اسی حالت میں جائے حادثہ پر پہنچیں۔ کولکاتا ساوتھ کی ایم پی مالا رائے بھی گارڈن ریچ میں ان کے ساتھ تھیں۔ ممتا نے یہاں گھوم -گھوم کر لوگوں سے بات چیت کی اور ان کی صحت کے بارے میں دریافت کیا۔
جائے وقوعہ کا دورہ کرنے کے بعد ممتا نے کہا، ’’یہ بہت گھنا علاقہ ہے۔ وزیر ساری رات یہاں موجود رہے۔ کچھ پروموٹر غیر قانونی طور پر گھر بناتے ہیں۔اس سے قبل یہ سوچنا ضروری ہے کہ آس پاس کے جو لوگ ہیں، ان کو نقصان نہ پہنچے۔ سنا ہے کہ یہ کثیر المنزلہ عمارت انتظامیہ کی اجازت سے نہیں بنائی گئی ہے۔ اس وقت رمضان کا مہینہ چل رہا ہے۔ سب روزے سے ہیں۔ علاقے کے لوگ رات بھر امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔ محکمہ صحت، فائر ڈیپارٹمنٹ، پولیس، کونسلرز نے رات بھر کام کیا۔
ممتا نے یہ بھی کہا، ’’ہم ایسے حادثے سے صدمے میں ہیں۔ دو ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ پانچ سے چھ افراد ابھی تک پھنسے ہوئے ہیں۔ ایک آدمی کی ٹانگ پھنسی ہوئی ہے، لیکن وہ زندہ ہے۔ سوگوار خاندان سے میری تعزیت۔ غیر قانونی کام کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ حکومت لواحقین کے ساتھ کھڑی رہے گی۔ جن کے گھر تباہ ہوئے ہیں ، میں ان کے گھر بنانے کے لئے کہوں گی ‘‘۔
موقع کا دورہ کرنے کے بعد ممتا اسپتال بھی گئیں۔ وہاں سے باہر آکر انہوں نے کہا کہ جو لوگ اسپتال میں ہیں ،ان کی حالت مستحکم ہے۔