سونو سود کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’فتح‘ کا ٹیزر ریلیز

تاثیر،۱۶مارچ ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

نیشنلہیرو سونو سود کی اداکاری والی فلم ‘فتح’ کا ٹیزر جاری کر دیا گیا ہے۔ یہ بالکل ویسا ہی ہے ، جیسا کہ ان کے مداح ان سے توقع رکھتے ہیں۔ یہ ٹیزر ایک دلچسپ سنیمائی تجربہ کے ساتھ سائبر کرائم کی دلچسپ دنیا کی ایک جھلک پیش کرتا ہے۔ فلم کی ٹیگ لائن’ نیور انڈر اسٹیمیٹ اے نو بڈی‘سب سے نمایاں ہے، جو واقعی سونو سود کے سفر کی عکاسی کرتی ہے۔ تاہم یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ سود اپنی فلم میں کس ’نوبڈی ‘ کا ذکر کررہے ہیں۔اس ٹیزر کو سونو سود نے اپنے سوشل میڈیا اکاونٹ پر شیئر کیا ہے۔ اس سے قبل سونو سود نے فلم کا پہلا لک شیئر کیا تھا، جسے مداحوں کی جانب سے کافی پسند کیا گیا۔ ٹیزر نے شائقین کے جوش و خروش کو ایک اور سطح پر پہنچا دیا ہے۔فلم ‘ فتح’ کے ساتھ سونو نے اداکار، ہدایت کار، مصنف، پروڈیوسر کا کردار ادا کیا ہے۔ یہ فلم سونو کی ہدایت کاری میں پہلی فلم ہے۔ اس میں ہندوستانی اور ہالی ووڈ کے کرو(عملے)کا زبردست امتزاج ہے اور یہ پہلے کبھی نہ دیکھے گئے ایکشن سینس کو پیش کرنے کا وعدہ کرتی ہے۔ سونالی سود/شکتی ساگر پروڈکشنز اور زی اسٹوڈیوز کے ذریعہ پروڈیوس کردہ یہ فلم سائبر کرائم کی پیچیدگیوں اور چیلنجوں کے گرد گھومتی ہے۔