سیوان میں پک اپ وین نے ہوم گارڈ کے دو جوانوں کو کچل دیا، دونوں کی حالت تشویشناک

تاثیر،۱۶مارچ ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

سیوان، 15 مارچ : شراب اسمگلنگ اطلاع ملنے پر چھاپہ ماری کرنے جا رہے ہوم گارڈ کے دو جوانوں کو ایک پک اپ وین نے کچل دیا جس سے دونوں جوان شدید زخمی ہو گئے۔ واقعہ مفصل تھانہ علاقہ میں پیش آیا۔ صدر اسپتال میں ابتدائی طبی علاج کے بعد دونوں جوانوں کو گورکھپور ریفر کر دیا گیا ہے۔ دونوں جوانوں کو کچلنے کے واقعہ سے محکمہ پولیس میں خوف و ہراس ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ مفصل تھانہ کو اطلاع ملی کہ شراب کی ایک بڑی کھیپ میروا کی طرف لائی جارہی ہے جس کے بعد پولیس کی ایک ٹیم چھاپہ ماری کرنے نکلی۔ ٹیم کے بہت سے لوگ بولیرو پر چھاپہ ماری کے لیے نکلے تھے جبکہ سوجیت کمار اور وپیندر یادو ایک بائک پر سوار تھے۔ بائک پر سوار دونوں جوان ابھی بھانٹا پوکھر اور گوپال پور کے درمیان پہنچے ہی تھے کہ سامنے سے آنے والی پک اپ وین موٹر سائیکل پر چڑھ گئی۔
آس پاس کے لوگوں نے دونوں جوانوں کو سیوان کے صدر اسپتال میں داخل کرایا۔ دونوں کی نازک حالت کو دیکھتے ہوئے ڈاکٹروں کی ٹیم نے انہیں گورکھپور ریفر کر دیا۔ زخمیوں میں ایک ہوم گارڈ جوان وپیندر یادومیروا تھانہ علاقہ کے چکرا کا رہنے والاہے جبکہ سوجیت کمار نین پورہ گاو?ں کا رہنے والاہے۔
دونوں جوان 6 ماہ قبل ہی مفصل تھانے میں تعینات ہوئے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ دونوں ہمیشہ پولیس ٹیم کے ساتھ چھاپہ ماری کرنے جاتے تھے۔ آج بھی شراب کی کھیپ کی آمد کی اطلاع ملنے پر دونوں پولیس ٹیم کے ساتھ چھاپہ ماری کرنے نکلے تھے۔ پولیس اب یہ جاننے کی کوشش کر رہی ہے کہ یہ حادثہ تھا یا دونوں کو جان بوجھ کر کچل دیا گیا۔
واضح ہو کہ بہار میں یکم اپریل 2016 سے مکمل سے شرا بندی ہے۔ پابندی کے بعد ریاست میں شراب کی غیر قانونی اسمگلنگ زوروں پر ہے۔ پولیس اور انتظامیہ کی مسلسل سرگرمی کے باوجود دوسری ریاستوں سے بھاری مقدار میں غیر قانونی شراب بہار میں آتی رہتی ہے۔ خاص کر دیگر ریاستوں کے سرحدی اضلاع میں شراب کی اسمگلنگ کا کاروبار زوروں پر ہے۔