سی ایم ہاوس کے باہر جے ڈی ویمن کالج کی طالبات کا احتجاج، نتیش کمار کے خلاف نعرے بازی

تاثیر،۱۸مارچ ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

پٹنہ، 18 مارچ: جے ڈی ویمنس کالج کی 12ویں جماعت کی طالبات نے سی ایم ہاو?س کے باہر احتجاج کیا۔ اس دوران سینکڑوں طالبات نے نتیش کمار کے خلاف نعرے بازی کی اور انصاف کا مطالبہ کیا۔ طالبات کا کہنا ہے کہ گیارہویں جماعت کا سالانہ امتحان 19 مارچ سے شروع ہو رہا ہے اور اچانک کہا جا رہا ہے کہ انہیں اسکول میں جا کر پھر سے بارہویں جماعت میں داخلہ لینا ہو گا۔
طالبات کا کہنا ہے کہ نئے قوانین کے تحت کالج میں اب گیارہویں اور بارہویں جماعتیں نہیں پڑھائی جائیں گی، تاہم انہوں نے گیارہویں جماعت میں داخلہ لیتے ہوئے داخلہ فیس سمیت تمام کاغذات جمع کرا دیئے ہیں۔ ان کا مطالبہ ہے کہ انہیں اسی کالج میں 12ویں پڑھنے کی اجازت دی جائے جہاں انہوں نے 11ویں کی پڑھائی کی ہے۔
واضح ہو کہ بہار کے کالجوں میں جاری انٹرمیڈیٹ کی پڑھائی یکم اپریل 2024 سے یعنی اس سال سے ہی روک دی جائے گی۔ اب بہار کے کسی کالج میں انٹرمیڈیٹ یعنی پلس 2 نہیں پڑھایا جائے گا۔ اس سلسلے میں ریاستی حکومت نے بچوں کے لیے نئی جگہ اور کلاس کا انتظام کیا ہے۔ جن طالبات نے گزشتہ سال 11ویں جماعت میں داخلہ لیا تھا، انہیں بھی دوبارہ 12ویں جماعت کے لیے کسی اور جگہ داخلہ لینا پڑے گا جس کی طالبات مخالفت کر رہی ہیں۔