صحت مند معاشرے میں ہی خوشحال زندگی کا تصور: پروفیسر آدتیہ

تاثیر،۱۶مارچ ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

چھپرہ (نقیب احمد)
گنگا سنگھ کالج میں منعقدہ چھہ روزہ این ایس ایس کے خصوصی کیمپ کے تیسرے دن پروگرام آفیسر ڈاکٹر کمال احمد کی قیادت میں رضاکاروں نے گود لئے گئے گاؤں  دہیاواں ٹولہ کی کچی بستی میں صفائی سے متعلق آگاہی ریلی نکالی۔اور لوگوں کے درمیان بیداری کمپین چلایا۔رضاکاروں کے لیے منعقد کیمپ کے فکری اجلاس میں کالج کے سابق پرنسپل انچارج اور مشہور تاریخ داں پروفیسر (ڈاکٹر) آدتیہ چندر جھا نے ‘کلین انڈیا۔بیسٹ انڈیا’ پر لیکچر پیش کیا۔ انہوں نے سندھو گھاٹی کی تہذیب،ویدک تہذیب،تحریک آزادی اور موجودہ وقت کے درمیان صفائی کے تئیں عوام کی ذمہ داریوں کا سلسلہ وار تجزیہ پیش کرتے ہوئے  کہا کہ ایک صحت مند زندگی صرف ایک صاف ستھرے معاشرے میں ہی رہ سکتی ہے۔گلوبل وارمنگ کے چیلنجز پر روشنی ڈالتے ہوئے گرین کور ایریا کو وسعت دینے کی وکالت کی۔انہوں نے کہا کہ صاف ستھرا اور صحت مند ماحول پیدا کرنے میں مدد کرنا ہر شہری کا بنیادی فرض ہے۔کالج کے پرنسپل انچارج پروفیسر محمد انظر عالم نے NSS رضاکاروں کی سرگرمی کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ ملک کا مستقبل ہیں اور میں آپ کی وفاداری اور لگن کو دیکھ کر بہت خوش ہوں۔انہوں نے کہا کہ اس خصوصی کیمپ میں آپ ایک نظم و ضبط سیکھنے والے کے طور پر زندگی کے مختلف تجربات اور شعبوں سے گزریں گے۔یہی آپ کی کامیابی اور آپ کے مستقبل کی تعمیر کی بنیاد ہوگی۔اس موقع پر کالج ٹیچرس ایسوسی ایشن کے سکریٹری ڈاکٹر سنتوش کمار سنگھ نے رضاکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس کیمپ میں آکر آپ نئے علم اور تجربات کے ساتھ اپنی تعلیم اور سوچ کا دائرہ وسیع کر رہے ہیں۔ڈاکٹر ہری موہن پنٹو،ڈاکٹر دنیش کمار اور ڈاکٹر دھرمیندر کمار سنگھ نے بھی نوجوانوں سے خطاب کیا اور سماجی ذمہ داریوں اور کمیونٹی سروس کے تئیں لگن کی مختلف جہتوں پر تبادلہ خیال کیا۔کیمپ میں 40 سے زیادہ رضاکاروں کی فعال شرکت کی۔ان تمام پروگراموں میں کالج کے بہت سے پروفیسرز نے بھرپور شرکت کی۔