فلم پروڈیوسر 2 ہزار کروڑ کی منشیات اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار

تاثیر،۱۰مارچ ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی،09 مارچ : نارکوٹکس کنٹرول نے 2 ہزار کروڑ کی منشیات اسمگلنگ کے الزام میں فلم پروڈیوسر کو گرفتار کرلیا۔نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے 2 ہزار کروڑ کی مبینہ منشیات اسمگلنگ میں فلم پروڈیوسر جعفر صادق کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔ این سی بی کا بتانا ہیکہ ملزم جعفر صادق نے ساؤتھ فلم انڈسٹری کے لیے کام کیا اور 4 فلمیں بنائی ہیں، این سی بی کو گزشتہ 4 ماہ سے ملزم کی تلاش تھی۔این سی بی کے مطابق ملزم ہندوستان سے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں منشیات اسمگلنگ کی کارروائیوں میں ملوث ہے جس نے اب تک ہندوستان سے ان دونوں ممالک میں 2 ہزار کروڑ کی منشیات اسمگل کی ہے۔این سی بی نے بتایا کہ ملزم نے 45 مرتبہ 3500 کلو ایفی ڈرین بیرون ملک بھیجی، ملزم کی گرفتاری چنئی میں دو ٹرین مسافروں سے 180 کروڑ روپے کی منشیات برآمد ہونے کے بعد عمل میں آئی، ملزمان نے یہ منشیات سری لنکا اسمگل کرنا تھی۔این سی بی کے مطابق چنئی میں جن ٹرین کے دو مسافروں سے 36 کلو منشیات برآمد کی گئی وہ دونوں میاں بیوی ہیں جب کہ برآمد کی جانے والی منشیات میں آئس بھی شامل ہے۔