لالٹین سے بہار کے مسلمانوں کی زندگی میں نہیں آئی روشنی : پرشانت کشور

تاثیر،۱۴مارچ ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

پٹنہ، 13 مارچ: انتخابی حکمت عملی ساز پرشانت کشور نے لالو پرساد یادو پر سخت حملہ کیا ہے۔ پرشانت کشور نے کہا کہ بہار میں دلتوں اور مسلمانوں کی حالت ابتر ہے۔ لالو پرساد یادو اور تیجسوی یادو لالٹین کے ذریعے بھی مسلمانوں کے گھر میں روشنی نہیں لا سکے۔
پی کے نے کہا کہ لوگ پاکستان اور پلوامہ کے نام پر ووٹ دیتے ہیں لیکن جب تک ہم معاشرے میں اصلاحات نہیں لائیں گے، ہمارے بچے گجرات اور تمل ناڈو جائیں گے اور مزدوری کریں گے، تو یہاں کے لوگوں کو کیا فائدہ ہوگا ؟ لالو خاندان پر نشانہ لگاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپنے طویل سفر کے دوران انہوں نے دیکھا کہ مسلمانوں نے 32 سال تک لالٹین نہیں چھوڑی۔
اس دوران پرشانت کشور نے کہا کہ ان 32 سالوں میں مسلمانوں نے کبھی آر جے ڈی سے نہیں پوچھا کہ آپ کے لیڈر سڑکوں اور دیہی امور کے وزیر تھے ، پھر ہمارے گاو?ں میں سڑک، نالا اور گلی کیوں نہیں بنیں۔ آپ وزیر صحت تھے پھر بچوں کے لیے اسپتال ، ادویات اور ڈاکٹر کیوں نہیں ؟ آپ وزیر تعلیم تھے پھر ہمارے بچوں کے لیے تعلیمی نظام کیوں نہیں ہے ؟ ان تمام مسائل کے باوجود مسلمان لالٹین کو ووٹ دیتے ہیں۔