مایا وتی کا بڑا اعلان، لوک سبھا الیکشن تنہا لڑے گی بی ایس پی، کسی بھی اتحاد سے کیا انکار

تاثیر،۱۰مارچ ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

لکھنؤ،09 مارچ : بہوجن سماج پارٹی کی سپریمو مایاوتی نے لوک سبھا انتخابات کو لے کر بڑا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا ہے کہ بی ایس پی اکیلے لوک سبھا الیکشن لڑے گی۔ انہوں نے کسی تیسرے محاذ یا کسی کے ساتھ اتحاد کی قیاس آرائیوں کو بھی مسترد کر دیا ہے۔ بتادیں کہ اتر پردیش میں کانگریس اور سماج وادی پارٹی ایک ساتھ الیکشن لڑ رہی ہیں۔ مایاوتی کے اعلان سے پہلے بہت سی قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ بی ایس پی انڈیا اتحاد کے ساتھ جا سکتی ہے۔وہیں کچھ لوگ اس بات کی بھی بحث کر رہے تھے کہ یوپی میں تیسرا محاذ بھی بن سکتا ہے۔ تاہم مایاوتی کے اعلان کے بعد ان تمام قیاس آرائیوں کو مسترد کردیا گیا ہے۔ بی ایس پی سپریمو مایاوتی نے کہا کہ خاص طور پر یوپی میں، بی ایس پی کے اکیلے ہی پوری مضبوطی کے ساتھ الیکشن لڑنے کی وجہ سے اپوزیشن کافی بے چین نظر آتی ہے۔ اس لیے آئے روز لوگ طرح طرح کی افواہیں پھیلا کر لوگوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ لیکن بہوجن سماج کے مفاد میں بی ایس پی کا اکیلے الیکشن لڑنے کا فیصلہ پختہ ہے۔بی ایس پی سپریمو مایاوتی نے کہا کہ بی ایس پی ملک میں لوک سبھا کے عام انتخابات پوری تیاری اور طاقت کے ساتھ اپنی لڑ رہی ہے۔ انہوں نے تیسرا محاذ بنانے کی قیاس آرائیوں کو افواہ اور سراسر فرضی خبر قرار دیا ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ لوک سبھا انتخابات میں بی ایس پی نے 22 فیصد ووٹ حاصل کئے تھے۔ 2019 کے لوک ستھا انتخابات میں بی ایس پی نے ایس پی کے ساتھ اتحاد میں الیکشن لڑا تھا۔