مستحکم ہے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کی حالت، حادثے کی تحقیقات جاری

تاثیر،۱۶مارچ ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

کولکاتا، 16 مارچ: مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کی صحت کی حالت مستحکم ہے اور ان کی صحت کے تمام پیرامیٹرز نارمل ہیں۔ سرکاری ایس ایس کے ایم اسپتال کے ڈاکٹروں نے جمعہ کی رات کالی گھاٹ میں واقع ان کی رہائش گاہ پر وزیر اعلیٰ کی مکمل جانچ کے بعد یہ معلومات دی۔ ہفتہ کی صبح ایس ایس کے ایم ہاسپٹل کے ایک ڈاکٹر نے بتایا کہ 69 سالہ ممتا کو چوٹ کی وجہ سے جو تکلیف ہو رہی تھی ،وہ اب کم ہے۔ ایس ایس کے ایم کے ڈاکٹروں کی تین رکنی ٹیم ان کی رہائش گاہ پر مسلسل ان کی حالت پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ ایک سینئر ڈاکٹر نے کہا، “اس کی صحت مستحکم ہے اور (وہ) صحت یاب ہو رہی ہیں۔ ان کے تمام پیرامیٹرز ٹھیک ہیں اور چوٹوں کی وجہ سے ہونے والی تکلیف میں کمی آئی ہے‘‘۔
واضح ہو کہ ترنمول سربراہ بنرجی جمعرات کی رات کالی گھاٹ میں اپنی رہائش گاہ پر گر گئی تھیں، جس کی وجہ سے ان کے ماتھے اور ناک پر شدید چوٹیں آئیں۔ایس ایس کے ایم اسپتال کے سپرنٹنڈنٹ منیمے بندوپادھیائے نے دعویٰ کیا تھا کہ ممتا بنرجی کو پیچھے سے دھکا لگا تھا۔ حالانکہ بعد میں انہوں نے اس بارے میں وضاحت کی لیکن کولکاتا پولیس کی ایس آئی ٹی نے اس معاملے کی جانچ شروع کردی ہے۔