ممتا بنرجی کے ماتھے پر شدید چوٹ، ٹانکے لگے، اسپتال سے گھر واپس آئیں

تاثیر،۱۶مارچ ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

کولکاتا، 15 مارچ: گرنے سے شدید طور پر زخمی ہونے والی مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کی حالت مستحکم ہے۔ ان کی پیشانی پر کٹ لگنے سے کافی خون بہہ گیا ہے ۔ جمعرات کی رات ایس ایس کے ایم اسپتال میں ان کا علاج کیا گیا۔ اس کے بعد وہ گھر واپس آگئیں۔ انہیں کیسے چوٹ لگی، اس بارے میں سرکاری طور پر کچھ نہیں بتایا جا رہا ہے۔
ایس ایس کے ایم کے ڈائریکٹر منیموئے بنرجی کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ کے ماتھے پر تین اور ایک ناک پر ٹانکے لگے ہیں۔ پیچھے سے دھکا لگنے کی وجہ سے گرکر زخمی ہوئی وزیر اعلیٰ کو شام ساڑھے سات بجے اسپتال لایا گیا۔ انہیں پیشانی میں چوٹ لگی ہے۔ ماتھے پر گہرا زخم ہے۔ زخم سے بہت خون بھی نکلا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ نیورو سرجری ڈیپارٹمنٹ، میڈیسن اور کارڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ کے سربراہان نے وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی ہے۔ زخم پر ڈریسنگ کی گئی ہے۔ ای سی جی، سی ٹی اسکین سمیت بہت سے جسمانی ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔ انہیں رات بھر اسپتال میں رہنے کا مشورہ دیا گیا لیکن وہ گھر واپس جانا چاہتی تھیں۔