مہاراشٹر کے غداروں کا نام تاریخ میں درج ہوگا : سنجے راوت

تاثیر،۱۹مارچ ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

ممبی، 19 مارچ: آئندہ لوک سبھا انتخابات کے پس منظر میں راج ٹھاکرے کی مہاراشٹر نو نرمان سینا پارٹی کی مہاراشٹر میں بی جے پی کے ساتھ ہونے جا رہے ممکنہ اتحاد پر سخت تنقید کرتے ہوئے شیوسینا کے رکن پارلیمنٹ سنجے راوت نے کہا کہ دہلی جانا ان کا حق ہے لیکن مہاراشٹر کے غداروں کا نام تاریخ میں درج ہوگا۔
واضح رہے کہ راج ٹھاکرے کی مہاراشٹر نو نرمان سینا پارٹی اب ریاست میں بی جے پی اتحاد کا حصہ بننے کا امکان ہے جس کے لیے راج ٹھاکرے کل رات 10 بجے دہلی پہنچے۔ نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس ان کے ساتھ ہیں۔ چار دنوں میں یہ دوسری بار ہے جب ٹھاکرے اپنے فرزند امت ٹھاکرے کے ساتھ دہلی پہنچے ہیں، جہاں وہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور بی جے پی صدر جے پی نڈا سے ملاقات کے بعد اتحاد کا اعلان کرسکتے ہیں۔
راج ٹھاکرے کے دہلی جانے کو انکا حق قرار دیتے ہوئے، سنجے راوت نے کہا کہ راج ٹھاکرے کے مہایوتی میں جانے سے مہا وکاس اگھاڑی کو کوئی فرق نہیں پڑے گا لیکن مودی اور شاہ جنھوں نے بالاصاحب ٹھاکرے کی قائم کردہ شیوسینا کے سلسلے میں مہاراشٹر کے ساتھ ناانصافی کی ہے، اگر ٹھاکرے ان کی مدد کرنا چاہتے ہیں تو ریاست کی تاریخ میں ایسے لیڈروں اور پارٹیوں کے کردار کو تاریخ میں درج ہونگے۔ راوت نے کہا کہ اگر انھیں مراٹھی لوگوں سے پیار ہے تو وہ ایسا قدم نہیں اٹھائیں گے۔