مہوا موئترا کی پریشانی بڑھی، سی بی آئی جانچ کا حکم، پارلیمنٹ میں پیسے لے کر سوال پوچھنے کا معاملہ

تاثیر،۲۰مارچ ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 20 مارچ : پارلیمنٹ میں پیسے لے کر سوال پوچھنے’ کے معاملے میں گھری ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) لیڈر مہوا موئترا کی مشکلات ختم ہوتی نظر نہیں آ رہی ہیں۔ لوک پال نے اب اس معاملے میں ٹی ایم سی لیڈر کے خلاف سی بی آئی انکوائری کا حکم دیا ہے۔ اس کے بعد نشی کانت دوبے نے ٹویٹ کیا: ”میری شکایت کو صحیح مانتے ہوئے لوک پال نے مہوا موئترا کے خلاف سی بی آئی کو جانچ کرنے کا حکم دیا۔” انہوں نے مزید کہا کہ ‘ستیہ میو جیتے’ ۔لوک پال نے سی بی آئی کو ہدایت دی ہے کہ وہ ترنمول کی سابق ممبر پارلیمنٹ مہوا موئترا کے خلاف انسداد بدعنوانی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے تحقیقات کرے۔ اس کے ساتھ ہی لوک پال نے جانچ ایجنسی سے 6 ماہ کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرنے کیلئے بھی کہا ہے۔
کر ہے کہ ‘پارلیمانی سوالات کے لیے نقد رقم’ کے الزام میں ایتھیکس کمیٹی کی تحقیقات کے بعد مغربی بنگال کے کرشن نگر پارلیمانی حلقے سے رکن پارلیمنٹ رہی مہوا موئترا کو گزشتہ سال 8 دسمبر کو پارلیمنٹ کے ایوان زیریں سے برخاست کر دیا گیا تھا۔ مہوا موئترا پر ہیرانندانی کی جانب سے سوال پوچھنے کے بدلے میں نقد رقم وصول کرنے کا الزام ہے۔دراصل بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ نشی کانت دوبے نے لوک سبھا اسپیکر کے پاس شکایت درج کرائی تھی، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ موئترا نے پارلیمنٹ میں سوال پوچھنے کے بدلے میں رشوت لی تھی۔ دوبے کے مطابق یہ الزامات وکیل جئے دیہادرائی کے ذریعہ ان کو لکھے گئے خط سے پیدا ہوئے ہیں۔