مہوا موئترا کے خلاف سی بی آئی کی بڑی کارروائی، کولکاتہ سمیت کئی ٹھکانوں پر صبح صبح چھاپہ

تاثیر،۲۳مارچ ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی،23 مارچ: سی بی آئی نے صبح سویرے ترنمول کانگریس لیڈر اور لوک سبھا کی سابق رکن پارلیمنٹ مہوا موئترا کے گھر پر چھاپہ مارا ہے۔ سی بی آئی نے حال ہی میں کیش فار کویری سے وابستہ معاملہ میں ایک کیس درج کیا تھا، جس کے بعد آج یہ چھاپے مارے گئے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق سی بی آئی حکام نے اتوار کو مہوا سے متعلق کولکاتہ سمیت کئی دیگر مقامات پر چھاپے مارے۔سی بی آئی عہدیداروں نے بتایا کہ سی بی آئی نے ہفتہ کے روز مبینہ طور پر کیش فار کویری معاملہ میں کولکاتہ سمیت کئی مقامات پر سابق ٹی ایم سی ایم پی مہوا موئترا کے احاطوں کی تلاشی لی۔ انہوں نے کہا کہ سینٹرل انویسٹی گیشن ایجنسی کی ٹیمیں ہفتے کی صبح کولکاتہ اور دیگر شہروں میں موئترا کی رہائش گاہ پر پہنچیں، تلاشی کی کارروائی کے بارے میں مطلع کیا اور آپریشن شروع کیا۔بتا دیں کہ مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے لوک پال کی ہدایت پر جمعرات کو ٹی ایم سی کی سابق ایم پی موئترا کے خلاف ایف آئی آر درج کی تھی۔ لوک پال نے سی بی آئی کو چھ ماہ کے اندر رپورٹ داخل کرنے کی ہدایت دی ہے۔دراصل لوک پال نے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ نشی کانت دوبے کے ذریعہ موئترا پر لگائے گئے الزامات کی ابتدائی جانچ کے نتائج حاصل کرنے کے بعد سی بی آئی کو یہ ہدایات جاری کی ہیں۔ لوک سبھا ایم پی دوبے نے الزام لگایا کہ موئترا نے صنعت کار گوتم اڈانی اور وزیر اعظم نریندر مودی اور دیگر پر تنقید کرنے کے لیے دبئی کے تاجر درشن ہیرانندنی سے نقد رقم اور تحائف لیے تھے اور اس کے بدلے میں ایوان میں سوالات پوچھے تھے۔موئترا کو دسمبر میں‘غیر اخلاقی برتاؤ’کے لیے لوک سبھا سے نکال دیا گیا تھا۔ سابق ایم پی نے سپریم کورٹ میں اپنی برخاستگی کو چیلنج کیا ہے اور وہ آئندہ عام انتخابات کے دوران مغربی بنگال کی کرشن نگر سیٹ سے ٹی ایم سی امیدوار کے طور پر دوبارہ میدان میں اتریں گی۔لوک سبھا کی اخلاقیات کمیٹی نے 500 صفحات کی رپورٹ تیار کی ہے۔ جس میں پارلیمنٹ کے وقار کے تحفظ اور قومی سلامتی کو اہمیت دینے کے لیے کئی اہم سفارشات کی گئی ہیں۔ مہوا پر رشوت لینے اور کاروباری ہیرانندنی کو فائدہ پہنچانے کے لیے اڈانی گروپ کے خلاف سوالات پوچھنے کا الزام ہے۔ مہوا نے خود اعتراف کیا تھا کہ انہوں نے پارلیمنٹ میں سوال پوچھنے والے پورٹل سے متعلق اپنا آئی ڈی پاس ورڈ شیئر کیا تھا۔ ہیرانندنی نے مہوا کو رشوت دینے کا اعتراف کیا تھا۔