نالندہ میں جرائم پیشوں نے صحافی کو ماری گولی

تاثیر،۱۸مارچ ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

بہارشریف(محمددانش)نالندہ میں کرائم کا گراف ان دنوں بڑھتا دکھائی دے رہا ہے۔ چوتھے استمبھ کہے جانے والے لوگ یعنی صحافی حضرات بھی ان دنوں جرائم کا شکار ہوتے دکھائی دے رہے ہیں۔ تازہ ترین معاملہ اس وقت پیش آیا جب سینئر صحافی دیپک وشوکرما کو دن دہاڑے نامعلوم جرائم پیشوں نے گولی ماردی۔ واضح ہو کہ دیپک وشوکرما راجگیر سے اپنی اہلیہ کے ساتھ موٹرسائیکل پر سوار ہوکر اپنے گھر بہارشریف لوٹ رہے تھے کہ اسی دوران دیپ نگر کے نزدیک پہلے سے گھات لگائے بے خوف نامعلوم جرائم پیشوں نے ان پر گولی چلاتے ہوئے جان لیوا حملہ کیا۔ جس کے بعد صحافی موصوف بری طرح زخمی حالت میں سڑک پر گر پڑے۔ انکی اہلیہ کی چیخ و پکار کے بعد مقامی لوگوں کی مدد سے انہیں بہارشریف صدر اسپتال بھیجا گیا۔ جہاں انکی نازک حالت کو دیکھتے ہوئے بہتر علاج کے لئے ایمس پٹنہ ریفر کیا گیا ہے۔ وہیں نالندہ کے صحافیوں میں غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی ہے۔