نیپالی پارلیمنٹ کے ایوان بالا کے اسپیکر کے عہدے کے لیے حکمران ماو نوازوں اور اپوزیشن کانگریس کے درمیان مقابلہ

تاثیر،۱۲مارچ ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

کٹھمنڈو، 11 مارچ: نیپالی پارلیمنٹ کے ایوان بالا ‘راشٹریہ سبھا’ کے اسپیکر کے عہدے کے لیے مقابلہ حکمراں ماو نواز پارٹی اور اپوزیشن کانگریس پارٹی کے درمیان ہے۔ گزشتہ ہفتے تک یہ دونوں جماعتیں اقتدار میں شریک سفر تھیں۔
ماونواز پارٹی نے نارائن دہل کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔ نارائن ، وزیر اعظم پشپ کمل دہل پرچنڈ کے بہنوئی ہیں۔ ماو نواز کے اس فیصلے کے بعد وزیر اعظم کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ پارٹی لیڈروں نے پرچنڈ پر اقربا پروری مسلط کرنے کا الزام لگایا ہے۔ پرچنڈ کی بڑی بیٹی رینو دہل بھرت پور کی میئر ہیں۔ ان کی چھوٹی بیٹی گنگا وزیر اعظم کے پرائیویٹ سکریٹریٹ میں کام کر رہی ہے۔ ان کے داماد ریاست میں ایم ایل اے ہیں۔ پرچنڈ کی بہو بینا مگر ماضی میں ایم پی اور وزیر رہ چکی ہیں اور فی الحال کرنالی ریاست کی پارٹی انچارج ہیں۔
کانگریس پارٹی نے یوراج شرما کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق اس الیکشن میں کانگریس پارٹی کی شکست تقریباً یقینی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ قومی اسمبلی کی کل 59 سیٹوں میں سے حکمران اتحادی جماعت ماو نواز کے 17 ایم پی، اے ایم ایل کے 10، انٹیگریٹڈ سماج وادی کے 8 اور جے ایس پی کے 3 ایم پی ہیں۔ اپوزیشن اتحاد کانگریس کے 16 ایم پی، ڈیموکریٹک سماج وادی پارٹی کے پاس ایک، راشٹریہ جن مورچہ کے پاس ایک اور صدر کے ذریعہ نامزد ایک ایم پی ہیں ۔