پاکستان میں دو مختلف دہشت گردانہ حملوں میں تین پولیس اہلکار ہلاک، دو زخمی

تاثیر،۱۴مارچ ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

اسلام آباد، 13 مارچ: پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخواہ کے دارالحکومت پشاور اور ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں دو الگ الگ دہشت گردی کے حملوں میں تین پولیس اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا۔
پولیس حکام کے مطابق پیر کی رات دیر گئے پشاور کے علاقے داغ لارہ میں تھانہ مچنی گیٹ کی حدود میں نامعلوم حملہ آوروں نے پولیس وین کو نشانہ بنایا۔ یہ دہشت گردانہ حملہ پیر کی رات تقریباً 11:30 بجے ہوا۔ اس حملے میں اجمل خان اور سراج خان جاں بحق اور اسسٹنٹ سب انسپکٹر مظہر زخمی ہوگئے۔ شہید اہلکاروں کی نماز جنازہ آج ملک سعد شہید پولیس لائنز میں ادا کی گئی۔ محکمہ انسداد دہشت گردی نے ایف آئی آر درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔پولیس نے بتایا کہ ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل کلاچی کے علاقے سخی گیٹ میں منگل کو ایک اور دہشت گردانہ حملے میں پولیس کانسٹیبل محمد بخش ہلاک ہو گیا۔ یادگار چوک پر سیکورٹی ڈیوٹی پر تعینات کانسٹیبل محمد بخش کریانہ خریدنے سخی گیٹ گیا ہوا تھا۔ اس کے بعد تین مسلح موٹر سائیکل سواروں نے ان پر فائرنگ کر دی جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔