پولیس نے انکاونٹر کے بعد تین ملزمان کو کیا گرفتار

تاثیر،۱۳مارچ ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 12 مارچ : شمال مشرقی ضلع کے اسپیشل اسٹاف کی ٹیم نے جیوتی نگر علاقہ میں انکاونٹر کے بعد سیلم پور میں ارباز نامی نوجوان کے قتل میں ملوث تین بدمعاشوں کو گرفتار کرلیا۔ تینوں کو گولی لگی ہے۔ زخمی بدمعاشوں کو دلشاد گارڈن کے جی ٹی بی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ان کی شناخت خالد، شاہجان عرف ٹوٹا اور علی کے طور پر ہوئی ہے۔
ڈی سی پی ڈاکٹر جوئے ٹرکی نے بتایا کہ ہفتہ کی رات تقریباً 8:45 بجے سیلم پور میں بدمعاشوں نے ارباز کو گولی مار کر ہلاک اور اس کے ساتھی عابد کو زخمی کر دیا تھا۔ اس معاملے کی جانچ کے لیے اسپیشل اسٹاف کی ایک ٹیم بھی تعینات کی گئی تھی۔ موقع پر نصب سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر ارباز کے قتل میں ملوث بدمعاشوں کی شناخت کی گئی۔
اسپیشل اسٹاف کی ٹیم کو پیر کی رات اطلاع ملی کہ ارباز قتل کیس میں ملوث تینوں مجرم جیوتی نگر تھانہ علاقہ کے تحت امبیڈکر کالج کے قریب آنے والے ہیں۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے امبیڈکر کالج کے گرد جال بچھایا۔ جب تینوں بدمعاش اسکوٹی پر وہاں پہنچے تو اسپیشل اسٹاف ٹیم نے انہیں رکنے کا اشارہ کیا۔ پولیس کو دیکھ کر ملزمان بھاگنے لگے۔
پولیس اہلکاروں نے ان کا پیچھا کیا تو انہوں نے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔ بدمعاشوں نے تقریباً 10 سے 12 راونڈ فائرنگ کی۔ جوابی کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے بھی فائرنگ کی اور تینوں بدمعاش ٹانگ میں گولی لگنے سے زخمی ہوگئے۔ سبھی کو دلشاد گارڈن کے جی ٹی بی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ پولیس کو موقع سے تین پستول اور اسکوٹی برآمد ہوئی ہے جسے ضبط کر لیا گیا ہے۔
ڈی سی پی نے بتایا کہ ابتدائی جانچ سے پتہ چلا ہے کہ مہلوک ارباز بھی مجرمانہ نوعیت کا تھا۔ وہ بدنام زمانہ گینگسٹر چھینو کا قریبی رہا ہے۔ چھینو کئی سالوں سے جیل میں ہے۔ جبکہ تینوں ملزمان گینگسٹر ہاشم بابا کے قریبی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کا علاج جاری ہے۔ علاج کے بعد اس سے پوچھ گچھ کی جائے گی۔ پوچھ گچھ کے بعد ہی ارباز کے قتل اور عابد کے قتل کی وجہ معلوم ہوسکے گی۔ ڈی سی پی کا کہنا ہے کہ فی الحال یہ قتل گینگ وار کا نتیجہ نہیں لگتا، کیونکہ جائے وقوعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزم اور ارباز ایک ساتھ بات کرتے نظر آرہے ہیں۔