پھر سے کرکٹ کے میدان میں کھیلتے نظر آئیں رشبھ پنت

تاثیر،۲۰مارچ ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی،20مارچ:کچھ دن پہلے تک یہ واضح نہیں تھا کہ رشبھ پنت آئی پی ایل 2024 میں کھیلیں گے یا نہیں ؛لیکن بی سی سی آئی نے تصدیق کی ہے کہ پنت مکمل طور پر فٹ ہیں۔ ہندوستان کے وکٹ کیپر بلے باز پنت اب واپسی کرنے اور ایک بار پھر میدان پر نظر آنے کے لیے تیار ہیں۔ رشبھ پنت دسمبر 2022 میں کار حادثے میں زخمی ہونے کے 14 ماہ بعد کرکٹ کے میدان میں واپسی کریں گے۔ ان کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ دہلی کیپٹلس نے انہیں دوبارہ کپتانی سونپنے کا فیصلہ کیا ہے۔دہلی کیپٹلس جے ایس ڈبلیو گروپ کی ملکیت ہے، جس کے شریک مالک اور دہلی کیپٹلس کے چیئرمین پارتھ جندال نے رشبھ پنت کی واپسی اور انہیں دوبارہ کپتان بنائے جانے پر کہاکہ ہم رشبھ کو دوبارہ کپتان کے طور پر دیکھ کر نہایت ہی خوش ہیں۔ ثابت قدمی اور بے خوفی ان کے کرکٹ کھیلنے کے انداز کی وضاحت کرتی ہے اور یہی استقامت ان کی انجری سے صحت یاب ہونے میں بھی دیکھی گئی ہے۔میں یہ دیکھنے کے لئے بہت پرجوش ہوں کہ وہ کس طرح ہماری ٹیم کو دوبارہ متحرک کرتے ہیں اور ہمیں نئے سیزن کے لیے نئے جذبے اور جوش کے ساتھ آگے بڑھاتے ہیں۔ٹیم کے شریک مالک کرن کمار گاندھی نے کہاکہ رشبھ نے اپنی زندگی کے مشکل ترین دور میں بہت محنت کی ہے۔ مجھے اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ رشبھ کا مشکل سفر نئے سیزن میں اپنے ساتھیوں کو متاثر کرے گا۔ کپتان رشبھ اور پوری ٹیم کے لیے ہماری نیک تمنائیں۔ آئی پی ایل 2024 میں دہلی کیپٹلس کا پہلا میچ 23 مارچ کو پنجاب کنگس کیخلاف ہوگا۔ دونوں ٹیموں کا یہ میچ چنڈی گڑھ میں کھیلا جائے گا۔خیال رہے کہ رشبھ پنت ایک کار حادثے میں لگنے والی چوٹ کی وجہ سے آئی پی ایل 2023 سے مکمل طور پر باہر ہو گئے تھے، لیکن بہت محنت سے وہ صرف 14 ماہ میں چوٹ سے مکمل طور پر ٹھیک ہو گئے ہیں۔ پنت ایک بار پھر اپنے جارحانہ بلے بازی کے انداز سے متاثر کرنے کے لیے تیار ہیں۔