چھگن بھجبل کا دعوی – این سی پی شرد پوار دھڑے کے ریاستی صدر جینت پاٹل بی جے پی کے ساتھ رابطے میں

تاثیر،۱۶مارچ ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

ممبئی، 15 مارچ : مہاراشٹر کے سینئر وزیر چھگن بھجبل نے جمعہ کو دعویٰ کیا کہ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شرد پوار دھڑے) کے ریاستی صدر جینت پاٹل بی جے پی لیڈروں سے رابطے میں ہیں اور وہ بہت جلد بی جے پی میں شامل ہوسکتے ہیں۔ چھگن بھجبل کے اس بیان کے بعد سیاسی حلقے میں جینت پاٹل کی پارٹی بدلنے کی بحث تیز ہوگئی ہے۔
چھگن بھجبل نے جمعہ کو صحافیوں کو بتایا کہ جینت پاٹل نے گزشتہ دو تین دنوں میں نائب وزیر اعلی دیویندر فڑنویس سے ملاقات کی تھی۔ اس کے ساتھ ہی جینت پاٹل بی جے پی لیڈروں سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ بھجبل نے طنزیہ انداز میں کہا کہ انتخابات قریب آ رہے ہیں، اس لیے کانگریس اور این سی پی کے کئی لیڈر پارٹیاں بدلنے جا رہے ہیں۔ بھجبل نے کہا کہ پہلے انہیں فائنل ہونے دیجئے، پھر ہم فیصلہ کریں گے۔ چھگن بھجبل کے اس بیان کے بعد یہ بحث شروع ہو گئی ہے کہ جینت پاٹل بہت جلد بی جے پی میں شامل ہو سکتے ہیں۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو یہ این سی پی کے ساتھ ساتھ شرد پوار کے لیے بھی بڑا دھچکا ثابت ہوگا۔
اس سے پہلے ناسک میں ایک میٹنگ میں جینت پاٹل نے دعویٰ کیا تھا کہ بی جے پی مغربی مہاراشٹر میں مضبوط ہونا چاہتی ہے، اس لیے بی جے پی میرے ارد گرد اپنا جال پھینک رہی ہے۔ پاٹل نے کہا تھا کہ میں شرد پوار کے لیے کوئی بھی قربانی دینے کے لیے تیار ہوں، جنہوں نے مجھے سیاست میں کھڑا کیا اور میرے سیاسی کیریئر کو تقویت بخشی۔