کانگریس کی حکومت اقتدار میں آئی تو بغیر سروے کے خواتین کو ریزرویشن دیا جائیگا : راہل گاندھی

تاثیر،۱۴مارچ ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

ممبئی، 13 مارچ:کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے بدھ کو کہا کہ اگر کانگریس پارٹی مرکز میں اقتدار میں آتی ہے تو خواتین کو بغیر سروے کے ریزرویشن دیا جائے گا۔ راہل گاندھی نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے لوک سبھا میں خواتین کے لیے ریزرویشن کا بلند آواز میں اعلان کیا لیکن ریزرویشن ایک سروے کے بعد دیا جائے گا اور سروے 10 سال بعد کیا جائے گا۔
بھارت جوڑو نیائے یاترا کے ساتھ مہاراشٹرا پہنچنے والے راہل گاندھی نے بدھ کو دھولے میں کانگریس کی طرف سے منعقدہ ایک جلسہ عام سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ براہ راست ملک کے عوام سے مل رہے ہیں۔ لوگوں کے مسائل کو سمجھنا انکی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو اس وقت تین اہم مسائل درپیش ہیں۔ پہلا مہنگائی، دوسرا بے روزگاری اور تیسرا عوامی شرکت کا مسئلہ۔ ملک کے عوام ان تینوں مسائل سے پریشان ہیں لیکن ملک کے عوام کی سننے والا کوئی نہیں ہے۔
راہل گاندھی نے میڈیا اداروں پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ تمام میڈیا اداروں پر بڑے صنعت کاروں نے قبضہ کر رکھا ہے جس کی وجہ سے غریبوں کی آواز میڈیا تک نہیں پہنچ پا رہی ہے۔ راہل گاندھی نے مرکزی حکومت کو مہنگائی اور بے روزگاری کو روکنے میں ناکام قرار دیا ہے۔ دھولے پہنچنے پر راہل گاندھی کا شیو سینا (یو بی ٹی) کی جانب سے سنجے راوت نے آگرہ روڈ پر واقع بامبے لاج چوک پر پھولوں کی مالا چڑھا کر استقبال کیا۔ راہل گاندھی کی بھارت جوڑو نیائے یاترا 17 مارچ کو ممبئی میں اختتام پذیر ہوگی۔