کولکاتا میں آدھی رات کو پانچ منزلہ عمارت گر گئی، دو خواتین ہلاک

تاثیر،۱۸مارچ ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

کولکاتا، 18 مارچ: کولکاتا میونسپل کارپوریشن کے وارڈ نمبر 134 کے گارڈن رچ کے فتح پور بنرجی پاڑا لین میں آدھی رات کو ایک پانچ منزلہ عمارت گر گئی۔ آس پاس بنی کئی جھونپڑیاں اس عمارت کے ملبے کی زد میں آ گئیں۔ حادثے میں دو خواتین کی موت ہو گئی۔
حکام کے مطابق راحت اور بچاو کارروائیاں جاری ہیں۔ اب تک 15 افراد کو بچا لیا گیا ہے۔ زخمیوں میں سے 10 کو مقامی اسپتال اور پانچ کو ایس ایس کے ایم اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ اطلاع ملتے ہی علاقے کے ایم ایل اے اور میئر فرہاد حکیم، فائر منسٹر سوجیت بوس اور پولیس کمشنر ونیت گوئل موقع پر پہنچ گئے۔ فرہاد نے بتایا کہ حادثے میں دو لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔ جاں بحق ہونے والوں کے نام سیم بیگم اور حسینہ خاتون بتائے گئے ہیں۔ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں اب بھی راحت اور بچاو کاموں میں(پیر کی صبح) مصروف ہیں ۔
عینی شاہدین کے مطابق گارڈن رچ تھانہ کے علاقے میں واقع اس عمارت میں کئی دنوں سے تعمیراتی کام جاری تھا۔ رات 12 بجے کے قریب زیر تعمیر عمارت زوردار آواز کے ساتھ گر گئی۔ پولیس پہلے موقع پر پہنچی۔ تنگ سڑک کی وجہ سے ڈیزاسٹر ریسپانس فورس اور فائر بریگیڈ کو پہنچنے میں کافی وقت لگا۔