کولکاتا کے گارڈن ریچ عمارت حادثے میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر نو ہوئی

تاثیر،۱۹مارچ ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

کولکاتا، 19 مارچ : میٹروپولیٹن کولکاتا کے گارڈن ریچ علاقے میں زیر تعمیر پانچ منزلہ عمارت گرنے سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر نو ہو گئی ہے۔ پیر کی رات تک سات افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی تھی اور باقی دو لوگوں کی دیر رات اسپتال میں موت ہو گئی۔ فی الحال مرنے والوں کے نام ظاہر نہیں کیے گئے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ اتوار کی آدھی رات کو ایک زیر تعمیر عمارت قریبی بستی پر گر گئی تھی، جس میں 21 افراد دب گئے تھے۔ نو لوگوں کی موت کے بعد باقی 12 لوگ ایس ایس کے ایم اور کولکاتا کے دیگر اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ دیگر پانچ افراد کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے جائے حادثہ کا دورہ کیا اور متاثرہ خاندانوں اور زخمیوں کو مالی امداد دینے کا اعلان کیا۔ میئر فرہاد حکیم نے اعلان کیا تھا کہ مرنے والوں کے لواحقین کو فی کس 5 لاکھ روپے اور زخمیوں کو ایک ایک لاکھ روپے دیے جائیں گے۔ ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ کے نفاذ کی وجہ سے بی جے پی نے اس پر سوالات اٹھائے ہیں۔ بی جے پی نے الیکشن کمیشن سے شکایت کرنے کا انتباہ دیا ہے۔
لیڈر حزب اختلاف شبھیندو ادھیکاری نے کہا ہے کہ فرہاد حکیم کے علاقے میں ایک عمارت گری ہے۔ انہیں تمام غیر قانونی تعمیرات کے بارے میں معلومات تھی اور وہ پیسے وصولتے تھے۔ اب چہرہ بچانے کے لیے وہ راحت اور بچاو کی کارروائیوں کا ویڈیوز بنا کر میڈیا میں دے رہے ہیں۔ انہوں نے حکیم کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔