کیجروال کی گرفتاری کے خلاف انڈیا بلاک کی مہا ریلی

تاثیر، ۳۱  مارچ ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 31مارچ: دہلی ایکسائز پالیسی گھوٹالہ اور دیگر کئی معاملات سے منسلک منی لانڈرنگ کیس کے سلسلے میں دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کی گرفتاری کے خلاف طاقت کا مظاہرہ کرتے ہوئے انڈیا بلاک کے رہنماؤں نے آج دہلی کے رام لیلا میدان میںریلی کی۔ عآپ کنوینر اروند کیجریوال کی اہلیہ سنیتا کیجریوال بھی رام لیلا میدان میں انڈیا اتحاد کی ریلی میں شرکت کی۔ کیجریوال کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کرنے کے لیے انڈیا بلاک کی ‘مہا ریلی’ سے قبل رام لیلا میدان میں کانگریس لیڈر راہل گاندھی اور ملکارجن کھرگے سمیت مختلف رہنماؤں کے ہورڈنگز اور پوسٹر لگائے گئے ہیں۔انڈیا الائنس مہا ریلی کے سیکورٹی انتظامات کے بارے میں ڈی سی پی سینٹرل ایم ہرش وردھن نے کہا کہ ”امن و امان کو برقرار رکھنے اور ٹریفک کی ہموار نقل و حرکت کو یقینی بنانے کے لیے، وسیع انتظامات کیے گئے ہیں۔ ریلی کے منتظمین نے کچھ شرائط پر عمل کرنے کا عہد کیا ہے اور وہ حالات جو امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہیں۔ ریلی کے لیے دوپہر 2 بجے تک کی اجازت ہے۔ ہم نے کافی تعیناتی کر دی ہے”۔انڈیا بلاک کی ریلی کے بارے میں بات کرتے ہوئے عآپ رکن اسمبلی درگیش پاٹھک نے کہا کہ وہ یہ پیغام دینے کے لیے جمع ہوئے ہیں کہ ملک ‘واسولی گینگ’ کے ذریعے نہیں بلکہ آئین کے مطابق چلے گا۔ مرکزی ایجنسیوں کا غلط استعمال ہو رہا ہے۔ جو بھی حکومت کے خلاف بات کرتا ہے یا ملک میں متبادل کی بات کرتا ہے اسے کسی بھی جعلی کیس میں گرفتار کیا جاتا ہے۔ پوری قوم اس کے خلاف جمع ہے، یہ بتانے کے لیے جمع ہوئے ہیں کہ ملک کیسے چلے گا۔پنجاب کے وزیر اورعآپ لیڈر بلبیر سنگھ نے کیجریوال کی گرفتاری پر بی جے پی کی زیر قیادت مرکزی حکومت پر نکتہ چینی کی اور کہا کہ بدعنوان لوگ بی جے پی میں شامل ہو رہے ہیں اور ایماندار لوگ جیل میں ہیں۔ بلبیر سنگھ نے کہا کہ ”ہم آمریت کو ختم کرنا اور جمہوریت اور آئین کو بچانا چاہتے ہیں۔ یہ انڈیا الائنس کی جانب سے ایک مہا ریلی ہے۔ اتحاد کے تمام رہنما آئیں گے اور آگے کی حکمت عملی سے آگاہ کریں گے۔ 140 کروڑ ہندوستانی کیجروال کی گرفتاری کی مخالفت کر رہے ہیں، بدعنوان لوگ بی جے پی میں شامل ہو رہے ہیں اور ایماندار لوگ جیل میں ہیں۔