ہولی کی ہڑدنگ دو نوجوانوں کا قتل ، دوستوں نے ہی دیا واردات کو انجام

تاثیر،۲۷مارچ ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

چھپرہ (نقیب احمد)
 ہولی کے ہڑدنگ کے دوران مختلف علاقوں میں دو نوجوانوں کے قتل کی واردات سامنے آئی ہے۔خاص بات یہ ہے کہ دونوں قتل دوستوں نے ہی کیے ہیں۔پہلا معاملہ ضلع کے دگھوارا تھانے کے تحت بست پور گاؤں سے سامنے آیا ہے۔جہاں ایک دوست کو اس کے دوستوں نے چاقو اور تیز دھار ہتھیار سے گلا کاٹ کر قتل کر دیا۔اطلاع ملتے ہی اہل خانہ میں کہرام مچ گیا۔ہولی کی خوشی کچھ ہی دیر میں ماتم میں بدل گئی۔اطلاع کے بعد دگھوارا تھانہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے صدر اسپتال بھیج دیا۔ جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد لاش لواحقین کے حوالے کردی گئی۔متوفی نوجوان کی شناخت سنی کمار مانجھی ولد جے پرکاش مانجھی کے طور پر کی گئی ہے۔واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے ایس پی ڈاکٹر گورو منگلا نے کہا کہ دگھوارا تھانہ کو اطلاع ملی تھی کہ سونپور کے تحت شنکر پور بالو گھاٹ دیارہ میں ایک نامعلوم افراد نے سنی کمار کو چاقو مار کر ہلاک کردیا ہے۔پولیس کو تحقیقات کے دوران پتہ چلا کہ اسی گاؤں کے رہنے والے سورج کمار نے پرانی دشمنی کی وجہ سے اسے چاقو مار کر قتل کیا تھا۔فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم سورج کمار کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
دوسرا واقعہ ضلع کے مفصل تھانے کے یمنا مٹھیا گاؤں میں پیش آیا۔سوپن پرساد یادو کے 24 سالہ بیٹے دھیرج پرساد یادو کو اس کے دوست کے ذریعے قتل کرنے کی اطلاع پر پولیس نے ملزم نوجوان اور اس کے دوست دیپو یادو کو گرفتار کر لیا۔جن سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔بتاتے چلیں کہ گزشتہ شام اس نے اور اس کے دوست نے گھر کی چھت پر گوشت اور چاول تیار کیے اور کھانے کے بعد بڑے جوش و خروش سے ہولی کھیلی۔جس کے بعد دیر رات اس کی لاش گھر کے قریب بنٹولیہ گاؤں میں واقع فور لین سے برآمد ہوئی۔گھر والوں کو جیسے ہی اس واقعہ کا علم ہوا تو کہرام مچ گیا۔اس حوالے سے متوفی کے والد نے بتایا کہ گزشتہ روز علاقے میں ہولی کا تہوار منایا جا رہا تھا۔جس کی وجہ سے وہ بنٹولیہ میں اپنے دوسرے گھر گیا اور گھر کی چھت پر اپنے دوست کے ساتھ گوشت اور چاول پکا کر کھایا۔جس کے بعد رات گئے انہیں اطلاع ملی کہ اس کی لاش فور لین پر پڑی ہے۔ان کا الزام ہے کہ اسے اس کے دوستوں نے چاقو مار کر قتل کیا ہے۔اس معاملے میں پولیس نے جانچ کر کے ملزم دیپک کو گرفتار کر لیا ہے۔