تاثیر،۱مارچ ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
گریٹر نوئیڈا، یکم مارچ : انڈین ویٹرن پریمیئر لیگ (آئی وی پی ایل) کا پہلا سیزن آدھے سے زیادہ مکمل ہو چکا ہے۔ جمعرات کو وی وی آئی پی اتر پردیش نے اپنی چوتھی جیت درج کرنے کے بعد سیمی فائنل کے لیے اپنا ٹکٹ محفوظ کرلیا۔ 13ویں میچ میں ریڈ کارپٹ دہلی نے راجستھان لیجنڈس کو 27 رن سے شکست دے کر تیسری جیت درج کی۔
اس میچ میں پہلے کھیلتے ہوئے ریڈ کارپٹ دہلی نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 247 رنوں کا بڑا اسکور بنایا۔ اس لیگ میں دہلی کے بلے باز رچرڈ لیوی نے سیزن کی اپنی دوسری سنچری بنائی۔ سری لنکا کے سابق لیجنڈ آسیلا گنارتنے نے بھی شاندار نصف سنچری اسکور کی۔
رچرڈ لیوی نے اپنی سنچری میں 53 گیندوں کا سامنا کیا اور 116 رن کی شاندار اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں 10 چوکے اور 8 چھکے شامل تھے۔ ان کے علاوہ گنارتنے نے 53 گیندوں پر ناٹ آوٹ 85 رن بنائے اور اپنی اننگز میں 6 چوکے اور اتنے ہی چھکے لگائے۔
دہلی کی شروعات اچھی نہیں تھی اور شری سنت نے پہلی ہی گیند پر کپتان ہرشل گبز کو کلین بولڈ کردیا۔ یہاں سے بپل شرما (32 رن 19 گیند) نے لیوی کے ساتھ اننگز کو آگے بڑھایا۔ دونوں نے دوسری وکٹ کے لیے 81 رن جوڑے۔ اس کے بعد سیکوگے پرسنا نے بپل کی وکٹ حاصل کی اور گنارتنے کریز پر آئے۔ یہاں سے ان کے اور رچرڈ لیوی کے درمیان تیسری وکٹ کے لیے 155 رنوں کی شراکت ہوئی۔ اس کی بدولت دہلی نے 247 رنوں کا بڑا اسکور کھڑا کر دیا۔
جواب میں 248 رن کے مشکل ہدف کے تعاقب میں اتری راجستھان لیجنڈز کی شروعات سست رہی۔ بھیرارام اور سیکوگے پرسنا نے پہلے 3 اوورز میں صرف 24 رن بنائے۔ کپل رانا نے چوتھے اوور کی پہلی گیند پر ٹیم کو پہلا جھٹکا دیا اور بھیرارام کو 4 کے اسکور پر پویلین بھیج دیا۔ اس کے بعد ایشلے نرس نے پرسنا کو بھی پانچویں اوور کی پہلی گیند پر 17 کے اسکور پر آوٹ کر دیا۔ اینجلو پریرا نے آتے ہی تیز شروعات کی اور پہلی 8 گیندوں پر 27 رن بنائے۔ جس کی بدولت ٹیم نے پاور پلے میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 57 رن بنائے۔
اس کے بعد 9ویں اوور میں وکرانت نے راجستھان کو تیسرا جھٹکا دیا۔ انہوں نے اینجلو پریرا (17 گیندوں پر 46 رن) کا وکٹ لیا۔ 10 اوور کے بعد راجستھان لیجنڈز نے 3 وکٹ پر 99 رن بنائے تھے۔ ٹیم کو آخری 10 اوورز میں جیت کے لیے 149 رن درکار تھے جو کافی مشکل لگ رہا تھا۔ راجیش بشنوئی نے نصف سنچری کھیلی اور ایک طرف ڈٹے رہے۔ لیکن ٹیم کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔
15 اوور تک راجستھان کا اسکور 6 وکٹ پر 140 رن تھا۔ آخری 5 اوورز میں ٹیم کو جیت کے لیے 108 رنز درکار تھے۔ تاہم راجستھان کی ٹیم 20 اوورز میں 6 وکٹ کے نقصان پر 220 رن ہی بنا سکی اور 27 رن سے میچ ہار گئی۔ بشنوئی نے 46 گیندوں میں 98 رنوں کی اننگز کھیلی۔ ہو سکتا ہے کہ وہ اپنی ٹیم کو میچ جیتنے میں مدد نہیں کر سکے لیکن انہوں نے دل جیت لیا۔
اس میچ کے بعد راجستھان لیجنڈز اور ریڈ کارپٹ دہلی کا ایک ایک لیگ میچ باقی ہے۔ راجستھان کا مقابلہ آج دوپہر کے میچ میں ممبئی چیمپئنز سے ہوگا۔ وہیں ریڈ کارپٹ دہلی کی ٹیم شام کے میچ میں تلنگانہ ٹائیگرس کا مقابلہ کرے گی۔ لیگ کے دونوں سیمی فائنلز ہفتہ کو ہوں گے جبکہ فائنل میچ 3 مارچ بروز اتوار کو کھیلا جائے گا۔