اسرائیل نے حزب اللہ کاہر جگہ تعاقب کرنے کی دھمکی دی

تاثیر،۳۰مارچ ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

تل ابیب،30مارچ:اسرائیلی وزیر دفاع یوآو گیلنٹ نے انکشاف کیا ہے کہ اسرائیل لبنانی حزب اللہ کے خلاف مہم کو وسعت دے گا اور ہر جگہ اس کا تعاقب کرے گا۔ شمالی محاذ پر صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد گیلنٹ نے جمعہ کے روز شام میں اپنے فضائی حملوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ فوج شمال میں حملوں کی رفتار میں اضافہ کرے گی۔ٹائمز آف اسرائیل اخبار کے مطابق انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل حزب اللہ کے خلاف دفاع سے ہٹ کر اب اس کا تعاقب کر رہا ہے۔ بیروت، دمشق اور اس سے آگے جہاں کہیں بھی وہ کام کریں گے، ہم وہاں پہنچ جائیں گے۔اسرائیلی فوج نے جمعہ کو اعلان کیا تھا کہ جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوج کے کار پرحملے میں حزب اللہ کا ایک عہدیدار مارا گیا ہے۔ یہ حملہ بزوریا میں کیا گیا جس میں حزب اللہ کے راکٹ اور میزائل یونٹ کے ڈپٹی کمانڈر علی عبد الحسن نعیم جاں بحق ہوگئے۔ اسرائیلی فوج نے کا نعیم میزائل کے شعبے میں ایک کمانڈر اور بھاری وار ہیڈز کے ساتھ میزائل فائر کرنے کے کمانڈروں میں سے ایک تھا اور اسرائیل کے خلاف حملوں کی منصوبہ بندی اور ان کے آغاز کا ذمہ دار تھا۔سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق اسرائیل نے جمعہ کو صبح سویرے شام کے حلب کے ہوائی اڈے کے قریب ہتھیاروں کے ڈپو پر بھی حملہ کیا۔ اس حملے میں حزب اللہ کے 7 ارکان اور شامی فورسز کے 36 اہلکار اور ایران کے وفادار دھڑے کے ایک رکن سمیت 44 افراد جاں بحق ہوگئے۔ العربیہ کے نمائندے نے حزب اللہ کے رہنما کے قتل کی تصدیق کی ہے۔
واضح رہے سات اکتوبر سے غزہ میں شروع ہونے کے بعد سے اسرائیل اور لبنان کی درمیانی سرحد پر بھی روزانہ کی بنیاد پر فائرنگ، راکٹ باری اور ڈرون اٹیکس کا تبادلہ ہو رہا ہے۔ اسرائیل نے حملے کرکے لبنان میں 347 افراد کو جاں بحق کردیا ہے۔ مرنیوالوں میں 68 عام شہری بھی شامل ہیں۔ لبنان سے حزب اللہ کے حملوں سے اسرائیل میں 10 فوجی اور 8 عام شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔